دہشت گردی کے مستقل خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح اورمتن کے مطابق عمل کیاجائے ، ڈاکٹر محمد فاروق ستار

پیر 24 جولائی 2017 22:15

دہشت گردی کے مستقل خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح اورمتن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے لاہور میں فیروز پور روڈپرواقع ارفع کریم ٹاور کے قریب خود کش بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں ڈاکٹر محمد فارو ق ستار نے کہا کہ دہشت گرد شکست اور ریخت کے باوجود گاہے بگاہے سر اٹھا رہے ہیں اور اس قسم کے نا خوشگوار واقعات ملک و قوم کیلئے تکلیف کا باعث بن رہے ہیں ، پاکستان کی مسلح افواج ملک کی داخلی اور خارجی صورتحال میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کررہے ہیں ، سرحدوں پر ہونے والی بھارتی جارحیت کا بھی جواب دے رہے ہیں اور ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشن رد الفساد میں قربانیاں دے رہے ہیں لیکن پھر دہشت گردی کے ایسے واقعات ملک کی سیاسی قیادت کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ دہشت گردی کے مستقل خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح اورمتن کے مطابق عمل کیاجائے ، اس ضمن میں ضروری اقدامات فوری اٹھائے جائیں ، شکست کھائے ہوئے ، راہِ فرار اختیار کئے ہوئے دہشت گردوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کیلئے ہمیں وہ اقدامات فوری طورپر اٹھانے ہیں جس پر ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت متفق ہوئی تھی ۔

انہوں نے خود کش بم دھماکہ میں شہید ہونے والے ایل ڈی اے اور پولیس اہلکاروں سمیت دیگر کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں کوجت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی کرے ۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ لاہور فیروز روڈ پر ہونے والے خود کش بم دھماکہ کا سختی سے نوٹس لیاجائے اوراس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا د ی جائے ۔

متعلقہ عنوان :