مصطفی کمال عوامی پذیرائی نہ ملنے کے باعث ایم کیوایم پاکستان اور اس کے سربراہ سے خائف ہیں ، ترجمان ایم کیوایم (پاکستان )

اس حقیقت کو تسلیم کر لیں کہ مہاجروں اور دیگر مظلوم قومیتوں کا مینڈیٹ ایم کیوایم پاکستان کو حاصل ہے جسے کوئی بھی ہرکارہ ہرگز چھین نہیں سکتا

پیر 24 جولائی 2017 22:12

مصطفی کمال عوامی پذیرائی نہ ملنے کے باعث ایم کیوایم پاکستان اور اس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے ترجمان نے پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال کی جانب سے ایم کیوایم(پاکستان ) اور اس کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار کے خلاف ہرزہ سرائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مصطفی کمال عوامی پذیرائی نہ ملنے پے درپے ناکامیوں کے باعث ایم کیوایم پاکستان اور اس کے سربراہ سے خائف ہیں ۔

ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ 22، اگست2016ء کے بعد 23اگست 2016ء کو سربراہ ایم کیوایم پاکستان نے جو حکمت عملی اپنائی اور لندن سے جس واضح عملی لاتعلقی کااظہار کیا اس کے بعد مصطفی کمال کی جانب سے مسلسل یہ ہرزہ سرائی کرنا کہ ایم کیوایم پاکستان اور اس کے سربراہ کا لندن کے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق ہے سراسر منفی پروپیگنڈا اور اپنی شکست چھپانے کے مترادف ہے جبکہ یہ عمل ہمارے کارکنان اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ مصطفی کمال کو کراچی کے عوام مسترد کرچکے ہیںا ور اسی بوکھلاہٹ میں وہ ایم کیو ایم (پاکستان) کے خلاف زہرافشانی کررہے ہیں، پی ایس پی بڑے بڑے دعوے کرنے کے باوجود آج تک عوامی اعتماد حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی اور ایم کیوایم پاکستان اور اس کے سربراہ پربلاجواز تنقید کرکے وہ اپنا سیاسی قد اونچا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ترجمان نے مصطفی کمال کو مخلصانہ مشورہ دیا کہ وہ ایم کیوایم (پاکستان ) اور اس کے سربراہ کے خلاف بے بنیاد تنقید اور ہرزہ سرائی کا سلسلہ بند کردیں اور اس حقیقت کو تسلیم کر لیں کہ مہاجروں اور دیگر مظلوم قومیتوں کا مینڈیٹ ایم کیوایم پاکستان کو حاصل ہے جسے کوئی بھی ہرکارہ ہرگز چھین نہیں سکتا ہے ۔