بلاول بھٹو زرداری کی مشاورت پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کا تنظیمی عہدیداران اور کارکنوں سے براہ راست رابطوں کا سلسلہ شروع

ملک بھرمیں جلد عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی، ضلعی سطح پر جلسوں سے بلاول خطاب کریںگے

پیر 24 جولائی 2017 22:01

بلاول بھٹو زرداری کی مشاورت پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کا تنظیمی عہدیداران ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مشاورت سے پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کا تنظیمی عہدیداران اور کارکنوں سے براہ راست رابطوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر بخاری ، سینیٹر فرحت الله بابر، پی پی پی خیبر پختون خواہ کے صدرہمایوں خان ، جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے میں پارٹی عہدیداران ، کارکنوں سے ملاقات میں پارٹی امور ، تنظیمی معاملات پر گفتگو کی ۔

ناراض کارکنوں سے رابطوں کے ذریعے انہیں متحرک اور سرگرم کردار کے لئے تمام توانائیاں زیر استعمال لانے کا فیصلہ ہوا۔ نیئر بخاری نے کہا کہ حقیقی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کا خمیر کارکنوں سے اُٹھا اور کارکنوں نے ہی مشکل دور میں پارٹی کا پرچم بلند رکھا۔

(جاری ہے)

کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے قیادت کے ہمراہ آمریت کانہ صرف ڈٹ کر مقابلہ کیا بلکہ جمہوریت کے خلاف ہر سازش کو بھی ناکام بنایا۔

کارکن انتخابات کی تیاری کریں ۔ عوامی قوت سے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی راج پھر قائم ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے کارکنوں پر فخر ہے ۔ پیپلز پارٹی مزدور ،محنت کش ، کسان اور مظلوم طبقات کی نمائندہ جماعت ہے۔ جو ریاست اور سیاست کے معاملات میں کارکنوں کو شریک کرکے ہر شہری کو برابر اور مساوی حقوق کی ضمانت بھی ہے۔ سیاست کے نام پر بد نما گروہ کا خاتمہ قریب اور بدکرداروں کی امیدیں بھی ماند پڑنے والی ہے۔

عوامی سیاست کا دور واپس آنے والا ہے ۔ کارکن متحد ہوں اصلاحی نتقید کو ذاتی اختلاف نہ سمجھا جائے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے براہ راست رابطوں کے ذریعے کارکنوں کی مشاورت سے تنظیم سازی کی اور عہدے کارکنوں کو دئیے ہیں۔ جدوجہد کرنے والے اور نظریاتی کارکنوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے مرکزی قیادت کارکنوں کی دہلیز پر خود چل کر جائے گی۔ملک بھرمیں جلد عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔ ضلعی سطح پر جلسوں سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریںگے۔ ۔۔۔طارق ورک