مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ آہنگی کے لئے علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے،محمد زبیر

پیر 24 جولائی 2017 21:58

مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ آہنگی کے لئے علمائے کرام کا کردار نہایت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے،دیگر مذاہب بھی امن سے رہنے کا درس دیتے ہیں، مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ آہنگی کے لئے علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے، حکومت مختلف مذاہب کے ماننے والے پاکستانیوں کو سہولیات کی بلا تفریق فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ سے ملاقات میں کیا ۔

اس موقع پر علماء و مشائخ کونسل پاکستان کے رکن سید اظہر شاہ ہمدانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،مختلف مذاہب اور مسالک کے مابین اخوت و رواداری کے فروغ اور اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،اقلیتی برادری کیلئے ترقی کے یکساں مواقعوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کہا کہ تمام مذاہب کے مابین بھائی چارہ ،مذہبی رواداری کے فروغ اور عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کے لئے کام کر رہے ہیں،کوئی مذہب فساد پھیلانے اور انسانوں کے مابین تفریق کا درس نہیں دیتا،مذہبی رواداری اور اخوت کا پیغام عام کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔#