وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس،70ویں یوم آزادی کی تقریبات اورمجوزہ پروگرام کا جائزہ ، سکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کی ہدایت

پاکستان لازوال قربانیوں کے باعث حاصل کیاگیا، برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی یوم آزادی کی تقریبات میں تحریک پاکستان کے ہیروزکوزبردست طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جائیگا،وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف

پیر 24 جولائی 2017 21:40

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس،70ویں یوم آزادی کی تقریبات اورمجوزہ پروگرام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت آج یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہ ہوا، جس میںپاکستان کی70ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے مجوزہ پروگرام کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا عظیم خطہ لازوال قربانیوں کے باعث حاصل کیاگیاہے اور برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی ۔

انہوںنے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اورزندہ قومیں اپنا یوم آزادی بھر پور طریقے سے مناتی ہیں۔پاکستان کا70واں یوم آزادی بھرپور اندازسے منایا جائے گااوریوم آزادی کی تقریبات میں تحریک پاکستان کے ہیروزکوزبردست طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یوم آزادی کی70ویں سالگرہ ایک عظیم موقع ہے اور اس عظیم موقع پر ہمیں اس بات کا بھی جائزہ لینا ہے کہ 70سال میں ہم نے کیا کھویااور کیا پایا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی ،ڈویژن،ضلع،تحصیل اوریونین کونسل کی سطح پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگاجبکہ تاریخی اوراہم عمارتوں کو لائٹس کے ذریعے روشن کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرامزمنعقد کیے جائیںگے اورسٹی پریڈ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔گلگت بلتستان،آزاد کشمیر،سندھ خیبرپختونخوااوربلوچستان کے طلبا و طالبات کو یوم آزادی کی تقریبات میں مدعوکیا جائیگا۔

وزیراعلیٰ نے مجوزہ پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کمیٹیاں تمام پروگرامزاور تقریبات کو حتمی شکل دیں گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ یوم آزادی کی تقریبات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں ۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے 70ویں یوم آزادی کے حوالے سے مجوزہ پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں صوبائی وزراء رانا مشہود ، حمیدہ وحید الدین،جہانگیر خانزادہ،مختار احمد بھرت،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اوراعلی حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :