پانامہ کیس سکینڈل کافیصلہ جلد از جلد سنایا جائے، اس فیصلے کے ساتھ قوم و ملک کامستقبل وابستہ ہی:سینیٹر سراج الحق

ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور اب یہ کرپشن ایسے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جس کی وجہ سے ملک و قوم کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں،شمولیتی جلسہ عام سے خطاب

پیر 24 جولائی 2017 21:14

پانامہ کیس سکینڈل کافیصلہ جلد از جلد سنایا جائے، اس فیصلے کے ساتھ قوم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ پانامہ کیس سکینڈل کافیصلہ جلد از جلد سنایا جائے، اس فیصلے کے ساتھ قوم و ملک کامستقبل وابستہ ہے،نواز شریف نے اللہ اور اسکے رسول سے اعلان جنگ کیااب وہ اللہ کے عذاب سے دوچار ہیں ،وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے حالانکہ صبر کا پیمانہ غربت مہنگائی ،بدامنی ،بے روز گاری اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام کا لبریز ہوچکا ہے ۔

مسئلہ صرف نواز شریف کا نہیں ہم ان چار سو ستر سے زائدتمام افراد کا احتساب چاہتے ہیں جن کے نام پانامہ پیپرز میں آئے ہیں ،سی پیک میں اس خطے کیلئے ریلوے لائین سمیت دیگر تمام سہولیات کامطالبہ کرتے ہیں اور کسی بھی ایسے سی پیک کو ماننے کیلئے تیار نہیں جس میں ملاکنڈ ڈویژن کیلئے ریلوے لائن نہ ہو ،تبلیغی جماعت کے بسترے شیطان کیلئے ایٹم بم ہیں ،تبلیغی جماعت اصلاح معاشرہ کی ایک عالم گیر تحریک ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع دیرپائین کے علاقہ میدان میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرجماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات امیرالعظیم، صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ ،جماعت اسلامی کے ایم پی ایز سعید خان،اعزاز الملک افکاری،اور جماعت اسلامی ضلع دیر پائین کے امیر مولانا اسد اللہ نے بھی خطاب کیا ،جبکہ اس موقع پرچار سو سے زائد عمائدین نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کااعلان کیاامیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے افراد کو جماعت اسلامی کے پرچم والی ٹوپیاں پہناکر انہیں مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نواز شریف سے ذاتی تعصب و دشمنی نہیں،انہوں نے مسجد نبوی میں مجھ سے روضہ رسول ﷺ کے سنگ وعدہ کیا تھا کہ وہ پاکستان جاکر سود ی نظام کوختم کردینگے لیکن یہاں جب ہم آئے اور ہم نے سودی نظام کو وفاقی شریعت کورٹ میں چیلنج کیا تو نواز شریف صاحب وعدہ نبھانے کی بجائے وعدے سے مکر گئے اور سودی نظام کے تحفظ کیلئے ہمارے مقابلے میں اپنے وکلاء لے آئے اور اللہ اور رسولﷺ کے ساتھ اعلان جنگ کیا تواللہ کے ساتھ اعلان جنگ کرنے والے کا انجام کیسا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں کئی موقعے دئے لیکن وہ گنوابیٹھے اب وہ اللہ کی پکڑ میں آئیں ہیں اور ان کے جیل جانے کے دن قریب آچکے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور اب یہ کرپشن ایسے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جس کی وجہ سے ملک و قوم کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی کوشش کی یہ مسئلہ مل بیٹھ کر حل کریں کرپشن کے خاتمے کیلئے کوئی فارمولا بن جائے ہم نے قومی سیاستدانوں کو اکٹھا کیا ہم نے کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی لیکن جب مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آیااور پانامہ سکینڈل بھی سامنے آگیا تو ہم معاملے کو عدالت میں لیکر گئے اور اب اس وقت پوری قوم کی نظریں عدالت کی طرف ہیں عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا ہے لیکن ہم اس جرگے کے توسط سے عدالت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پانامہ سکینڈل کیس کا فیصلہ جلد از جلد سنایا جائے کیونکہ یہ ملک و قوم کے مستقبل اور سالمیت سے وابستہ کیس ہے،انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے ہمارا مطالبہ ہے کہ سی پیک کو ریلوے لائن کے بغیر کسی صورت قبول نہیں کرینگے ۔

یہ ملاکنڈ ڈویژن کا حق ہے ملک کے لئے اگر سب سے بڑی قربانیاں دیں ہیں تو ملاکنڈ ڈویژن اور دیر کے عوام نے دی ہیں اور آج بھی یہاں کے شہریوں کی قبریں سرینگرکی قبرستانوں میں موجود ہیں تو ایسے میں جب سی پیک جیسا منصوبہ آتا ہے تو اس پر سب سے پہلا حق انہی لوگوں کا ہے اور اس مسئلے پر ہم کسی صورت کمپرومائز نہیں کرینگے اگر ضرورت پڑی تو ہم ملاکنڈ ڈویژن کی تمام پارٹیوں کا ایک بڑا جرگہ چکدرہ میں بلانے پر مجبور ہونگے۔