لاہوردھماکہ، یوسف رضا گیلانی،جاوید ہاشمی،شاہ محمود،جہانگیرترین اورجمشیددستی سمیت جنوبی پنجاب کے سیاسی رہنمائوں کی شدید مذمت ،جاںبحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت، کامیاب فوجی آپریشنز کے باعث شر پسند آخری سانسیں لے رہے ہیں، دہشتگردوں کی بزدالانہ کارروائیوں کے خلاف قوم متحد ہے،سیاسی رہنما

پیر 24 جولائی 2017 21:12

لاہوردھماکہ، یوسف رضا گیلانی،جاوید ہاشمی،شاہ محمود،جہانگیرترین اورجمشیددستی ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جولائی2017ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے بڑے جانی نقصان پرجنوبی پنجاب کی سیاسی وسماجی شخصیات نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے،سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی،سینئرسیاستدان مخدوم جاویدہاشمی ،تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی،جہانگیرترین،ایم این اے جمشید دستی سمیت سیاسی رہنمائوں نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی قراردیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں لاہوردھماکے کی شدیدمذمت اور دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے غم ورنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی جانب سے معصوم لوگوں اور پولیس کو نشانہ بنایا گیا۔ دہشتگردوں کی بزدالانہ کارروائیوں کے خلاف قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب فوجی آپریشنز کے باعث شر پسند آخری سانسیں لے رہے ہیں۔سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی،تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے لاہور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد دی جائے۔