لاہور، ارفع کریم ٹاور کے باہر دھماکہ ، 26افراد جاں بحق، 66 شدید زخمی

دھماکہ کی جگہ پر 3 موٹر سائیکلیں اور ایک گاڑی کو آگ لگ گئی ، جائے حادثہ پر دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے

پیر 24 جولائی 2017 21:06

لاہور، ارفع کریم ٹاور کے باہر دھماکہ ، 26افراد جاں بحق، 66 شدید زخمی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء) صوبائی دارالحکومت میں فیروز پور روڈ پر واقع ارفع کریم ٹاور کے باہر دھماکہ کے نتیجہ میں26افراد جاں بحق جبکہ 66افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے، دھماکہ کی جگہ پر 3 موٹر سائیکلیں اور ایک گاڑی کو آگ لگ گئی جبکہ دھماکہ کی جگہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے، دھماکہ کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سہ پہر چار بج کر پندرہ منٹ کے قریب فیروز پور روڈ پر واقع آئی ٹی ٹاور ارفع کریم کے باہر ایک زور دار دھماکہ ہوا، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی دھماکے کے نتیجہ میں 25 افراد جاں بحق جبکہ 66 افراد شدید زخمی ہو گئے، دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 سمیت دیگر امدادی تنظیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا، زخمی افراد میں متعدد کی حالت تشویشناک بیان کی جا رہی ہے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جائے وقوعہ پر پولیس نے کنٹرول سنبھالتے ہوئے عام لوگوں کے لئے سیل کر دیا ہے، دھماکہ کی نوعیت کا ابتدائی طور پر علم نہیں ہو سکا، دھماکہ کی شدت اور نوعیت کے لئے بم ڈسپوزل سٹاف کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا، ابتدائی طور پر دھماکہ کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔