کراچی:چینی عوام کراچی کی ترقی کے خواہاں ہیں، سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا،وسیم اختر

چین ہمارا دیرینہ دوست ہے ،چین نے پاکستان کی ہر موقع پر مدد کی ہے اور اب پاکستان کی اقتصادی اور معاشی ترقی میں بھی مدد کر رہا ہے،میئر کراچی کی چینی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دروان گفتگو

پیر 24 جولائی 2017 20:59

کراچی:چینی عوام کراچی کی ترقی کے خواہاں ہیں، سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ چینی عوام کراچی کی ترقی کے خواہاں ہیں، سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا، چین ہمارا دیرینہ دوست ہے ،چین نے پاکستان کی ہر موقع پر مدد کی ہے اور اب پاکستان کی اقتصادی اور معاشی ترقی میں بھی مدد کر رہا ہے،یہ بات انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات اوراس موقع پر کراچی کے ساحلی علاقے کی ترقی، ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کی تعمیر اور اسپتالوں میں مشینری کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،وفد کے ارکان میں چینی کمپنی کے نمائندے، جنرل منیجر XUE JIABIN ، ڈپٹی جنرل منیجرTaw Wenbin ، برانچ منیجر Geng Bowan ، آر ڈی اسد مظفر، عمر حیات شامل تھے جبکہ میونسپل کمشنر کے ایم سی اصغر عباس شیخ، چیئرمین مالیات کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، چیئرمین ورکس کمیٹی محمد حسن، مشیر مالیات ریحان خان، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب ، ڈائریکٹر لینڈ نجم الزماں اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے کاموں میں چینی ماہرین اور سرمایہ کاروں کا اشتراک مستقبل کے لئے اچھی نوید ہے اس کے ذریعے شہر میں متعدد ایسے منصوبوں پر عملدرآمد ممکن ہے جن سے کراچی کے شہریوں کی روزمرہ زندگی میں سہولیات فراہم ہوں گی اور کراچی کو حقیقی معنوں میں ایک بین الاقوامی شہر بنانے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے ملکی و غیرملکی اداروں سے روابط بڑھانے اور مشترکہ منصوبے بنانے کی پالیسی پر عملدرآمد کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کراچی کے شہریوں کو درپیش مسائل تیزی سے حل ہوں گے اور شہر میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا باب شروع ہوگا، میئر کراچی نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں شرکت پر ہرممکن سہولت اور تعاون مہیا کیا جائے گا اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ برادر ہمسایہ ملک چین اور پاکستان کے درمیان مثالی دوستی مزید مستحکم ہو اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطوں میں اضافہ ہو ، خاص طور پر اقتصادی اور تجارتی شعبے میں ہم ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں اور اس کے ثمرات دونوں ملکوں کے عوام تک پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران چینی وفد کے سربراہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں چینی سرمایہ کار کمپنیاں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور اسی مقصد کے تحت وہ کراچی کا دورہ کر رہے ہیں ، امید ہے کہ ان کا یہ دورہ کامیاب رہے گا اور چین اور پاکستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوگا ۔ انہوں نے کراچی کے منصوبوں کے حوالے سے ہرممکن تعاون اور حوصلہ افزائی پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :