نواز شریف کو بچایا گیا تو عدل و انصاف ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گا:صاحبزادہ حامد رضا

پیر 24 جولائی 2017 20:59

نواز شریف کو بچایا گیا تو عدل و انصاف ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گا:صاحبزادہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بچایا گیا تو عدل و انصاف ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گا۔ دلائل ختم ہونے کے بعد وزیراعظم کا نئی دستاویز جمع کروانا خلاف ضابطہ ہے۔لاہور دھماکہ پنجاب حکومت کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ کرنے والے حکمران لاہور دھماکے کے ذمہ دار ہیں۔

اقتدار اور کرپشن کے دفاع میں مصروف حکمران عوام کے تحفظ سے غافل ہیں۔ کالعدم تنظیموں کے ہمدرد پنجاب کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ شریف خاندان نے سیاست میں ’’کروڑوں لگاؤ اربوں کماؤ ‘‘کا فارمولا متعارف کروایا۔ جے آئی ٹی رپورٹ نے ثابت کر دیا کہ ہمارے چوکیدار چور ہیں۔ کرپشن اب ختم نہ ہوئی تو کبھی ختم نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

تخت گرنے اور تاج اچھلنے کا وقت قریب ہے۔

جے آئی ٹی رپورٹ کو نظرانداز کر کے فیصلہ نواز شریف کے حق میں آیا تو عدلیہ سے مایوسی خونی انقلاب کا سبب بن سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الا سلامی شادباغ لاہور میں سنی اتحاد کونسل پنجاب کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عمران خان اور شریف خاندان کے کیس کا کوئی موازنہ نہیں بنتا کیونکہ عمران خان کبھی اقتدار میں نہیں رہا۔

اثاثے چھپانے اور منی لانڈرنگ کرنے کے جرم میں نواز شریف کی نااہلی یقینی ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت کے تمام بڑے منصوبوں کی تحقیقات کے لئے بھی جے آئی ٹی بنائی جائے۔ خادم پنجاب اور ان کے چہیتے افسروں نے میٹرو بس، سستی روٹی سکیم، مکینیکل تنوروں، دانش سکولوں، قائد اعظم سولر پارک، اورنج ٹرین، پیلی و سبز ٹیکسی کے منصوبوں میں لمبا مال کمایا ہے۔

پنجاب حکومت کے نمائشی منصوبوں میں رولز کو بائی پاس کیا گیا اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ انتخابات سے پہلے احتساب نہ ہوا تو کرپٹ لوگ پیسے کے زور پر دوبارہ اسمبلیوں میں پہنچ جائیں گے۔ کرپشن سے پاک سیاست کے بغیر حقیقی جمہوریت کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس قومی خزانے میں لا کر ملکی معیشت مضبوط بنائی جا سکتی ہے۔ کرپشن کی سزا موت ہونی چائیے۔ اپنے اثاثے ملک سے باہر رکھنے والوں پر سیاست میں حصہ نہ لینے کی پابندی لگائی جائے۔

متعلقہ عنوان :