طاہر القادری کی لاہور بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

دہشتگردی انسانیت کے خلاف بڑا جرم ہے ، سختی سے نمٹنا ہو گا :سربراہ عوامی تحریک

پیر 24 جولائی 2017 20:59

طاہر القادری کی لاہور بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لاہور میں بم دھماکے کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی انسانیت کے خلاف بڑا جرم ہے ۔دہشت گرد انسانیت دشمنی کی تمام حدیں عبور کر چکے ہیں۔انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونیوالوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے کارکنان کو ریلیف اور ریسکیو کے کاموں میں حصہ لینے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ بم دھماکے میں زخمی ہونیوالوں کو خون کے عطیات دیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ عوام دہشتگردوں کے رحم وکرم پر ہیں ۔

(جاری ہے)

دہشتگردی کے فتنے کا ذمے دار موجودہ فرسودہ نظام اور حکمران ہیں ۔

حکمران کل بھی دہشتگردوں کے سپورٹر تھے اور آج بھی ان کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ معصوم انسانوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک دہشتگرد کسی رعائت کے مستحق نہیں ،ان سے سختی سے نمٹنا ہو گا ۔دیں اثناء چیئرمین منہاج القرآن سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین،ڈاکٹر حسین محی الدین،سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،جی ایم ملک،بشارت جسپال،فیاض وڑائچ،عارف چودھری،چودھری افضل گجر ،حافظ غلام فرید ،سید امجد علی شاہ و دیگر رہنمائوںنے بھی لاہور دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔

متعلقہ عنوان :