نواز شریف سے وزیر اطلاعات آزادکشمیر مشتاق احمد منہاس کی ملاقات

مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے ملنے کے لیے جلد آزادکشمیر کا دورہ کروں گا پاکستان کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کے حصول کے لیے سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ،وزیر اعظم پاکستان

پیر 24 جولائی 2017 20:55

نواز شریف سے وزیر اطلاعات آزادکشمیر  مشتاق احمد منہاس کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ مشتاق احمد منہاس نے وزیر اعظم ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔وزیر اطلاعات نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم پاکستان کو آزادکشمیر حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے کہاکہ وفاقی حکومت نے آزادکشمیر میں بنیادی ڈھانچے اور سیاحت پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے جس کا اظہار اس بات سے ہوتا ہے کہ ان شعبوں کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت نے فنڈز کو دوگنا کر دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت آزادکشمیر کو سیاحت کا مرکز بنانا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

محمد نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت تعلیم ،صحت ،اور سماجی شعبے میں ترقی کے ذریعے لوگوں سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے ملنے کے لیے جلد آزادکشمیر کا دورہ کروں گا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے نہتے شہریوں پر طاقت کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کے حصول کے لیے سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی نے اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور جمہوریت کے استحکام ،پاکستان کی معاشی ترقی اور دنیا بھر میں پاکستان کے امیج میں اضافے پر وزیر اعظم پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا ۔