میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ،عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے‘رانا ثناء اللہ خاں

فیصل آباد پریس کلب کے آڈیٹوریم کی تکمیل کیلئے 35 لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی ، مزید فنڈز بھی ٹرانسفر کر دئیے جائینگے ‘صوبائی وزیر

پیر 24 جولائی 2017 20:50

میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ،عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے نیوز کیمرہ مین ایسوسی ایشن فیصل آباد کے نومنتخب عہدیداران سے گزشتہ روزرائل پام فیصل آباد میںحلف لیا ۔ حلف اٹھانے والوں میں صدر محمد عثمان ‘ سینئر نائب صدر قمر بوٹا ‘ نائب صدر شوکت ملک ‘ جنرل سیکرٹری محمد وقاص ‘ فنانس سیکرٹری شیخ حمزہ الیاس اور جوائنٹ سیکرٹری محمد یاسر ‘انفارمیشن سیکرٹری نعیم شہزاد ‘ ایگزیکٹو ممبران علی رضا ‘ جعفر حسین ‘ عابد منہاس ‘ حافظ اویس ‘ محمد عدیل ‘ ابوبکر اور سکندر بٹ شامل تھے ۔

رانا ثناء الله خاں نے نیوز کیمرہ مین ایسوسی ایشن کے عہدیداران کومبارکباد دی اور کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کا دارو مدار کیمرہ مین پر ہے جو نامساعد حالات میں بھی محنت شاقہ سے ایونٹس کی لائیو کوریج کرتے ہیں جس کی بدولت ناظرین تک خبر کے ساتھ حقیقت پر مبنی ویڈیو بھی پہنچتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جو عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور میڈیا ہی معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دیکر ملک کو ترقی کی حقیقی راہ پر گامزن کر سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کیمرہ مین کے لئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد ناگزیر ہے جس سے نہ صرف انکی صلاحتیوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ نت نئی ٹیکنالوجیز کو سیکھنے کا بھی موقع ملتا ہے ۔وزیر قانون نے کہا کہ اس ضمن میں صوبائی اور ضلعی سطح پر ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد کے لئے بھر پور معاونت کی جائے گی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ فیصل آباد پریس کلب کے آڈیٹوریم کی تکمیل کے لئے 35 لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی اور مزید فنڈز بھی آئندہ چند دنوں میں ٹرانسفر کر دئیے جائیں گے جبکہ لاہور پریس کلب کی طرح فیصل آباد پریس کلب کی کنٹین پر اشیاء ضروریہ کی سبسڈی پر فراہمی کے لئے سالانہ 30 لاکھ روپے کی گرانٹ دیں گے ۔