معصوم انسانی زندگیاں چھیننے والے سفاک درندے سزا سے بچ نہیں پائیں گے،شہبازشریف

وزیراعلی پنجاب کی دھماکے کی شدید مذمت ،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار،آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب،تحقیقات کاحکم، زخمیوں کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت،پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کیساتھ ہیں،فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونیوالے پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں اور شہریوں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 24 جولائی 2017 19:55

معصوم انسانی زندگیاں چھیننے والے سفاک درندے سزا سے بچ نہیں پائیں گے،شہبازشریف
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24جولائی 2017ء ) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی ہے۔ وزیراعلی نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیر اعلی نے شہید پولیس اہلکاروں اور دیگرافرادکے لواحقین سے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کوہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں او رمحکمہ صحت کے اعلیٰ حکام زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔

وزیر اعلی نے قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اورواقعہ کی تحقیقات کا حکم دیاہے -وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ اس اندوہناک واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے- وزیر اعلی نے کہا کہ جن سفاک درندوں نے معصوم انسانی زندگیاں چھینی ہیں ، وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے -فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں اور دیگر شہریوں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی- وزیراعلیٰ نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں- انہوں نے کہا کہ میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہواہے جس میں پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد شہید ہوئے ہیں اورجن سفاک درندوں نے معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں، وہ اور ان کے سہولت کار عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور دیگر افراد کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے اور ہم اپنے بہادر سپوتوں کے خون کا بدلہ ضرور لیں گے اور جب تک آخری دہشت گردکا خاتمہ نہیں ہو جاتا ،ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے - انہوں نے کہاکہ لاہور میں دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے۔

دہشت گردی کے اس واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفرکردار تک ضرور پہنچیں گے۔ پوری قوم دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ امن کے دشمنوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔