دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز سخت ایکشن کی ضرورت ہے‘ پیپلز پارٹی

بلاول بھٹو ،چودھری منظور احمد ،قمر زمان کائرہ ودیگر کی لاہور دھماکے کی شدید مذمت ، شہادتوں پر اظہار افسوس

پیر 24 جولائی 2017 20:23

دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز سخت ایکشن کی ضرورت ہے‘ پیپلز پارٹی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں ہونے والے بم دھماکی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، حملے کے زخمیوں کو فوری طور علاج کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔

پیپلزپارٹی مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد نے کہا کہ پیپلزپارٹی دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتی ہے اور شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابر شریک ہے ،زخمیوں کی جانیں بچانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز سخت ایکشن کی ضرورت ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر شریک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں پر ہر وقت سخت نظر رکھنے کی ضرورت ہے، دہشت گرد ہمیشہ سیاسی بحران سے فائدہ اٹھاتے ہیں، حکمرانوں کے لئے ذاتی مصیبت میں حکومت چلانا ممکن نہیں زہا،بہتر ہے کہ وزیراعظم مستعفی ہو جائیں۔پیپلز پارٹی لاہور صدر عزیز الرحمن چن اور سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے فیروز پور روڈ لاہور کے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے، حکومت دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے شہریوں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اس واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے۔