وزیر اعلی پنجا ب کی سبزی منڈی دھماکے کی شدید مذمت ،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار

فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوںاور دیگر شہریوں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائیگی میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاںبحق افراد کے لواحقین کیساتھ ہیں، سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جن سفاک درندوں نے معصوم انسانی زندگیاں چھینی ہیں، وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے‘شہبازشریف

پیر 24 جولائی 2017 20:20

وزیر اعلی پنجا ب کی سبزی منڈی دھماکے کی شدید مذمت ،قیمتی انسانی جانوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریفنے کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی ہی-وزیر اعلی نے دھماکے میںپولیس اہلکاروں سمیت شہریوںکے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیر اعلی نے شہید پولیس اہلکاروںاور دیگرافرادکے لواحقین سے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کوہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں او رمحکمہ صحت کے اعلیٰ حکام زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اورواقعہ کی تحقیقات کا حکم دیاہے -وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ اس اندوہناک واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائی- وزیر اعلی نے کہا کہ جن سفاک درندوں نے معصوم انسانی زندگیاں چھینی ہیں ، وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے -فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوںاور دیگر شہریوں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی- وزیراعلیٰ نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں- انہوں نے کہا کہ میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاںبحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہواہے جس میںپولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد شہید ہوئے ہیںاورجن سفاک درندوں نے معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں، وہ اور ان کے سہولت کار عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور دیگر افراد کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے اور ہم اپنے بہادر سپوتوں کے خون کا بدلہ ضرور لیں گے اور جب تک آخری دہشت گردکا خاتمہ نہیں ہو جاتا ،ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے - انہوں نے کہاکہ لاہور میں دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے۔

دہشت گردی کے اس واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔انہوںنے کہاکہ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفرکردار تک ضرور پہنچیں گے۔ پوری قوم دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ امن کے دشمنوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

متعلقہ عنوان :