سیاسی وعسکری قیادت کا لاہور میں ہونے والی دھماکے پر افسوس کا اظہار

دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے متاثر ہوئے بغیر انتہا پسندی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ،ْ صدر ممنون حسین

پیر 24 جولائی 2017 20:16

سیاسی وعسکری قیادت کا لاہور میں ہونے والی دھماکے پر افسوس کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) سیاسی وعسکری قیادت نے لاہور میں ہونے والی دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں صدر مملکت ممنون حسین نے لاہور میں ہونے والی دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکنہ بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے متاثر ہوئے بغیر انتہا پسندی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے لاہور میں دھماکہ کی پرزر مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکنہ بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ الله تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ اظہارتعزیت کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔

آرمی چیف نے پاک فوج کو ہدایت دی کہ فی الفور لاہور دھماکے میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مکمل کیا جائے ‘ پاک فوج کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا حصہ بنے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دھماکے کو بزدلانہ واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لیے دعا بھی کی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو اپنے مذمتی بیان میں دونوں رہنمائوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :