ارفع کریم ٹاورکے قریب خود کش بم دھماکہ پرامن لاہور کو دوبارہ لہو لہان کرنے کی سازش ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

بم دھماکے کی بھرپور مذمت اور شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 24 جولائی 2017 20:00

ارفع کریم ٹاورکے قریب خود کش بم دھماکہ پرامن لاہور کو دوبارہ لہو لہان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب خود کش بم دھما کہ میں پولیس کے جوانو ں اور عام شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکہ پرامن لاہور کو دوبارہ لہو لہان کرنے کی سازش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے لاہور میں ہونے والے ارفع کریم کے قریب ہونے والے بم دھماکہ پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہو ںنے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر ایسی بزدل کاروئیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے میں سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا شکار پاکستان تمام تر قربانیوں پر صبر و تحمل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے پوری دنیا کو ایک بہادر اور پرامن ملک ہونے کا ثبوت دے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت دیگر عالمی طاقتیں بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل ، پاکستان میں بھارتی دہشتگردی اور اشتعال انگیزی سے باز رکھنے کے لیے عملی اقدامات اُٹھاتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہو ںنے کہا کہ حکمران اپنی تباہ حال خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے سنجیدگی کامظاہر ہ کریں ۔

بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان میں میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ پاکستانی قوم ملکی استحکام اور کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی پر پوری استقامت کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے دھماکہ میں شہید ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے غم و دکھ کا اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور ہمدردی کا اظہا کیا ہے ۔دھماکے میں زخمیوں کے علاج و معالجے و دیگر سہولیات کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے ۔