لاہور کے علاقہ فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب خودکش حملے کے نتیجہ میں 26 افراد جاں بحق اور 50 سے ز ائدزخمی ہونے کی تصدیق کر دی گئی ، پولیس حکام نے دھماکے کو خود کش قرار دیدیا

زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر

پیر 24 جولائی 2017 19:25

لاہور کے علاقہ فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب خودکش حملے کے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب خودکش حملے کے نتیجہ میں 26 افراد جاں بحق اور 50 سے ز ائدزخمی ہونے کی تصدیق کر دی گئی جبکہ پولیس حکام نے دھماکے کو خود کش قرار دیدیا، صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق ،ْ خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر دھماکہ خودکش معلوم ہوتاہے مگر تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی یہ بات سامنے آ جائے گی کہ یہ دھماکہ کس نوعیت کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجہ میں 26 افراد نے جام شہادت نوش کیا ہے جبکہ جنرل ہسپتال سمیت جناح ہسپتال ،ْ اتفاق ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں 49 سے زائد زخمی زیر علاج ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنرل ہسپتال میں اس وقت دس افراد ، جناح ہسپتال میں 13 جبکہ اتفاق ہسپتال میں ایک اور سروسز ہسپتال میں 2 لاشیں لائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس افسوسناک واقعہ میں تین پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں اور ان کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے ۔

صوبائی وزراء نے بتایا کہ دھماکے کے بعد جائے حادثہ سے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور اس وقت 49 سے زائد زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں حکومت پنجاب کی طرف سے بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بڑا مرحلہ دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت کے بعد ان کے ورثاء کو میتوں کی حوالگی ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ ہسپتال میں لائے جانیوالے زخمیوں میں ایسے زخمی جن کو آپریشن کی سہولیات درکار ہیں ان کو فوری طور پر آپریشن تھیٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت کے مطابق ان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے ارفع کریم ٹاور کے قریب ہونیوالے دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دھماکہ لاہور پولیس اور سویلین پر تھا،انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے پولیس کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا ،ْ انہوں نے بتایا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر ،ْ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید اور سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ نے جنرل ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی ۔

متعلقہ عنوان :