ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگنیجو کا ضلع مٹیاری میں دریا سندھ کے حفاظتی بندوں کا دورہ

پیر 24 جولائی 2017 19:33

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگنیجو نے ضلع مٹیاری میں چھنڈن موری ،بائوڈیرو،سیکھاٹ اور بھانوٹ کے قریب دریا سندھ کے حفاظتی بندوں کا دورہ کیا اور وہاں حساس مقامات کا جائزہ لیادورے کے دورا ن ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویزاحمد بلوچ ،چیف انجینئر سکھر بیراج،بھائی خان لاکھو،ایکسیئن آبپاشی شعیب سمو،اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالکریم سنگراسی اورمحکمہ آبپاسی کے دیگرمتعلقہ افسران بھی کمشنرحیدرآباد کے ساتھ تھے دورے کے دوران چیف انجینئرسکھر بیراج اوردیگر متعلقہ افسران نے دریا کے بندوں کی مضبوطی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق کمشنر حیدرآباد کو بریفنگ دی۔

کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگنیجو نے دریا سندھ کے حفاظتی بندوں پر تجاوزات کے خاتمے ، ناجائز قبضے ختم کرانے اور بندوں کو کاٹنے اور کسی بھی طریقے سے انہیں نقصان پہنچانے والوں کے خلاف متعلقہ افسران کو سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے حیدرآباد ڈویژن میں موسلادھار بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے جس کے پیش نظرتمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ بلخصوص محکمہ آبپاشی کے افسران و عملہ الرٹ رہیں۔

انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران پر زور دیا کہ وہ آبپاشی عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں دریا کے بندوں ، نہروں اور شاخوں کی نگرانی کے کام پر مامور کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے اس کے علاوہ متعلقہ افسران کو بندوں کی حفاظت ،ممکنہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے مجوزہ کانٹیجنسی پلان پر سختی سے عملدرآمد کی بھی ہدایت کی انہوں نے ڈپٹی کمشنر مٹیاری کو ہدایت کی کہ وہ آبپاشی عملے کے ساتھ مل کر دریا کے بندوں اور نہروں کے کمزور حصوں کی نشاندہی کریں اور آبپاشی افسران ان کو مضبوط بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کریں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصانات سے بچا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :