حیدرآباد میں گڈس ناکہ اور اسٹیشن روڈ کے دکانداروں کی بارش و نالے کا گندا پانی نہ نکالنے کے خلاف احتجاجی ریلی

پیر 24 جولائی 2017 19:32

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء) حیدرآباد میں گڈس ناکہ اور اسٹیشن روڈ کے دکانداروں کا بلدیہ ، واسا اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج ، ریلوے اسٹیشن سے حیدرآباد پریس کلب تک ریلی ،گندا پانی فوری نکالنے کا مطالبہ ، حیدرآباد کے انتہائی مصروف ترین علاقہ اسٹیشن روڈ ، باچا خان چوک ،اخبار مارکیٹ ، رکشہ مارکیٹ اور گڈس ناکہ کے سینکڑوں دکانداروں اور ٹرانسپورٹرز نے ایک ہفتہ سے زائد وقت گذرنے کے باوجود بارش و نالے و گٹر کا گندا پانی نہ نکالنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جوحیدرآباد پریس کلب پہنچ کر اختتام ہو ئی اس موقع پر تاجروں نے واسا ، میئر حیدرآباد، بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور دھمکی دی کہ اگر فوری طورپر اس علاقہ سے جمع شدہ پانی نہیں نکالا گیا تو ہم راست اقدام کریں گے انہوں نے کہاکہ ہمارا روزگار ختم ہو گیا ہے ملازمین ہاتھ پہ ہاتھ رکھے بیٹھے ہیں دوسری طرف اسٹیشن جانے اور آنے والے مسافروں کو دشواری ہورہی ہے ٹرانسپوٹرز بھی پریشان ہیں انتہائی گندے و بدبو دار پانی میں گاڑیاں خراب ہو رہی ہیں لیکن افسوس ہے کہ میئر حیدرآباد ، ڈی جی ایچ ڈی اے ، ایم ڈی واسا، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ہے شہر کا مصروف ترین کاروباری علاقہ اور سڑکیں ہو نے کی وجہ سے یہاں ہنگامی اقدامات کئے جانے چاہئیں تھے لیکن ایسا کچھ نہیں ہو رہا ہے . جس کا صوبائی حکومت کو نوٹس لینا چاہئے -

متعلقہ عنوان :