سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا،شہر میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا باب شروع ہوگا

میئر کراچی کی چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو

پیر 24 جولائی 2017 19:32

سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا،شہر میں ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ چینی عوام کراچی کی ترقی کے خواہاں ہیں، سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا، چین ہمارا دیرینہ دوست ہے، چین نے پاکستان کی ہر موقع پر مدد کی ہے اور اب پاکستان کی اقتصادی اور معاشی ترقی میں بھی مدد کر رہا ہے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کراچی کے ساحلی علاقے کی ترقی، ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کی تعمیر اور اسپتالوں میں مشینری کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

وفد کے ارکان میں چینی کمپنی کے نمائندے، جنرل منیجر XUE JIABIN، ڈپٹی جنرل منیجر Taw Wenbin، برانچ منیجر Geng Bowan، آر ڈی اسد مظفر اور عمر حیات شامل تھے جبکہ میونسپل کمشنر کے ایم سی اصغر عباس شیخ، چیئرمین مالیات کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، چیئرمین ورکس کمیٹی محمد حسن، مشیر مالیات ریحان خان، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب، ڈائریکٹر لینڈ نجم الزماں اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے کاموں میں چینی ماہرین اور سرمایہ کاروں کا اشتراک مستقبل کے لئے اچھی نوید ہے اس کے ذریعے شہر میں متعدد ایسے منصوبوں پر عمل درآمد ممکن ہے جن سے کراچی کے شہریوں کی روزمرہ زندگی میں سہولیات فراہم ہوں گی اور کراچی کو حقیقی معنوں میں ایک بین الاقوامی شہر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے ملکی و غیرملکی اداروں سے روابط بڑھانے اور مشترکہ منصوبے بنانے کی پالیسی پر عمل درآمد کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کراچی کے شہریوں کو درپیش مسائل تیزی سے حل ہوں گے اور شہر میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا باب شروع ہوگا۔

میئر کراچی نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں شرکت پر ہرممکن سہولت اور تعاون مہیا کیا جائے گا اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ برادر ہمسایہ ملک چین اور پاکستان کے درمیان مثالی دوستی مزید مستحکم ہو اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطوں میں اضافہ ہو، خاص طور پر اقتصادی اور تجارتی شعبے میں ہم ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں اور اس کے ثمرات دونوں ملکوں کے عوام تک پہنچ سکیں۔

ملاقات کے دوران چینی وفد کے سربراہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں چینی سرمایہ کار کمپنیاں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور اسی مقصد کے تحت وہ کراچی کا دورہ کر رہے ہیں، امید ہے کہ ان کا یہ دورہ کامیاب رہے گا اور چین اور پاکستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کراچی کے منصوبوں کے حوالے سے ہرممکن تعاون اور حوصلہ افزائی پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :