نیب بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے ،ْقمر زمان چوہدری

بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے پاکستان کو سارک ممالک میں رول ماڈل سمجھنا بڑے اعزاز کی بات ہے ،ْ گفتگو

پیر 24 جولائی 2017 18:50

نیب بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے ،ْقمر زمان چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے ، بد عنوانی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کو سارک ممالک میں رول ماڈل سمجھنا بڑے اعزاز کی بات ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق پاکستان کا کرپشن ریسپشن انڈیکس گزشتہ تین سالوں میں 175 سے کم ہو کر 116 پر آگیا ہے۔

نیب کی کوششوں کی بدولت پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین بن گیا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ وہ پیر کو یہاں نیب ہیڈکوارٹرز میں ادارے کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ نیب کو اس کے آغاز کے بعد سے افراد اور نجی و سرکاری اداروں کی جانب سے 3لاکھ 43ہزار 356 شکایات موصول ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس عرصہ کے دوران 11ہزار 581 شکایات کی تصدیق کی گئی ۔

7ہزار 587 انکوائریاں، 3ہزار 846 انویسٹی گیشنز اور متعلقہ احتساب عدالتوں میں 2ہزار 808 کرپشن ریفرنسز دائر کئے گئے جبکہ سزائیں دینے کی مجموعی شرح 76 فیصد رہی۔ نیب کی بڑی کامیابی میں سے ایک 287.763 ارب روپے کی ریکوری کر کے قومی خزانے میں جمع کرانا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نیب نے موجودہ انتظامیہ کی مدت میں 45 ارب روپے ریکور کئے جو بہت بڑی کامیابی ہے۔

اسی طرح2014ء تا 2017ء کے دوران شکایات، انکوائریز اور انویسٹی گیشنزکی تعداداتنے ہی عرصے کے مقابلہ میں تقریباً دوگنا زیادہ ہے۔ گزشتہ تین سالوں کے اعداد وشمار چیئرمین نیب کی قیادت میں تمام عملہ کی سخت محنت کے عکاس ہیں۔ شکایات کی تعداد میں اضافہ اس بات کابھی عکاس ہے کہ عوام کا نیب پر اعتماد بڑھا ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہاکہ نیب کے عملہ کی کارکردگی کو مزید بڑھانے کے سلسلہ میں ایک جامع نظام وضع کیاگیا ہے جس کے تحت نیب کے علاقائی بیوروز کو گزشتہ تین سالوں کے دوران سالانہ بنیادوں پر جانچا جارہا ہے ۔

باقاعدہ مانیٹرنگ اور انسپیکشن کے نتیجہ میں نیب کے علاقائی بیوروز کی کارکردگی بتدریج بڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے اسلام آباد میں سارک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں رکن ممالک نے نیب کی انسداد بد عنوانی کی حکمت عملی اور بد عنوانی کے خلاف اقدامات کی بدولت پاکستان کو سارک ممالک کے لئے رول ماڈل قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان کی انسداد بد عنوانی کے حوالے سے کوششوں اور کامیابیوں کے نتیجے میں اسے سارک ممالک کے انسداد بدعنوانی فورم کا پہلا چیئرمین منتخب کیاجاچکا ہے جو پاکستان کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔

متعلقہ عنوان :