چوہدری پرویز الٰہی دروغ گوئی اورجھوٹ کی سیاست کا بازار گرم کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن

پیر 24 جولائی 2017 18:07

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب کے سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الہی جن کی سیاست کا سورج ہمیشہ ہمیشہ کیلئے غروب ہوچکا ہے اور ان کی ٹانگہ پارٹی قاف لیگ کوگجرات میں بھی کوئی نہیں جانتا، سیاسی تنہائی اور گمنامی کا شکار چوہدری پرویز الہی وقتا فوقتا دروغ گوئی اورجھوٹ کی سیاست کا بازار گرم کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں مگر ان کی کوئی نہیں سنتاکیونکہ عوام یہ بات اچھی طرح سمجھ چکے ہیں کہ ماضی کے یہ کرپٹ لٹیرے جن کی سیاست آمریت کی چاپلوسی سے عبارت ہے،عوام کو ایک بار پھر سے بے وقوف بنانے نکلے ہیں۔

یہ بات انہوں نے سوموار کو میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی انرجی پالیسی کے انتہائی مفید نتائج برآمد ہوئے ہیں اور مختلف انرجی پراجیکٹس کو انتہائی شفافیت و تیز رفتاری اور کوالٹی ورک کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے ،اس کے ساتھ ساتھ توانائی کے منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے حکومتی وسائل بچائے گئے ہیں، دوسری جانب حکومت کی ہیلتھ اور تعلیمی پالیسیوں کی بدولت عوام کو صحت عامہ کی بہتر سہولتیں ارزاں نرخوں پر میسر آئی ہیں جبکہ تعلیمی اقدامات سے پنجاب کے بچے بچے کو حصول علم کا حق یکساں طور پر ملا ہے جوکہ چائلڈ فرینڈلی پنجاب کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے،انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ چوہدری پرویز الہی ہماری سیاست کا ایک ایسا نمونہ عبرت ہیں جنہوں نے سیاست کو مال بنانے کا ذریعہ بنایا ،ان کی کرپشن کی داستانیں پنجاب کے چپے چپے میں پھیلی ہوئی ہیں، انہوں نے نہ صرف پنجاب بنک میں 10ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا بلکہ 2008میں نامکمل ترقیاتی سکیموں کا ایک ایسا قبرستان ہمارے حوالے کیا جو کہ پنجاب کی معیشت پرایک بہت بڑا بوجھ بنا رہا، دوسری جانب ان کی سکیمیں فیل ہوگئیں جبکہ انہوں نے جٹ پال سکیم کے ذریعے اپنی برادری کیلئے ہر جگہ میرٹ کی دھجیاں بکھیردیں، انہوں نے کہا کہ یہ امر نہایت افسوسناک ہے کہ چوہدری پرویز الہی نے پنجاب کی معیشت کا بیڑہ غرق کئے رکھا اور انرجی پروڈکشن پر کوئی توجہ نہ دی،چوہدری صاحب سرکاری وسائل سے ڈیرہ داری کا شوق پورا کرتے رہے اور انہوں نے اپنا سارا زور عوام کی خدمت کی بجائے ایک ڈکٹیٹر کی آمریت کو مضبوط بنانے پر لگائے رکھا،چوہدری پرویز الہی کا اصل خوف یہ ہے کہ نون لیگ کی پالیسیوں اور وزیراعلی محمد شہباز شریف کے ویژن نے ان کا کھیل ہمیشہ کیلئے ختم کردیا ہے اور اب انہیں عوام موری ممبر بھی منتخب نہیں کریں گے، اب نا تو ان کے سر پر ہاتھ رکھنے کیلئے کوئی آمرموجود ہے اور نہ ہی عوام ان کے جھانسے میں آئیں گے،میں چوہدری صاحب کو یہ نصیحت کروں گا کہ وہ چاند پر تھوکنے کی بجائے ماضی کی منفی سیاست اور آمریت کا ساتھ دینے پر توبہ استغفار کریں اور عوام سے معافی مانگیں۔

متعلقہ عنوان :