وزیراعظم محمد نواز شریف 25 سے 27 جولائی تک جمہوریہ مالدیپ کا دورہ کریں گے، مالدیپ کے 52 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے

پیر 24 جولائی 2017 15:07

وزیراعظم محمد نواز شریف 25 سے 27 جولائی تک جمہوریہ مالدیپ کا دورہ کریں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف مالدیپ کے صدر عبدالله یامین عبدالقیوم کی دعوت پر 25 سے 27 جولائی تک جمہوریہ مالدیپ کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وہ مالدیپ کے 52 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے جو 26 جولائی کو منعقد ہوں گی۔ پیر کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف مالدیپ کے صدر کے ساتھ باضابطہ مذاکرات بھی کریں گے جبکہ اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے کئی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ مالدیپ کے ساتھ سفارتی تعلقات 26 جولائی 1966ء کو استوار ہوئے تھے جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک باہمی اہمیت کے امور پر علاقائی اور بین الاقوامی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی معاونت کرتے ہیں۔ پاک مالدیپ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی اور پرجوش تعلقات سے عبارت ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ سے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، دفاعی، سیاحتی، تعلیمی اور عوامی سطح پر روابط سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ یہ دورہ خطے کے ممالک کے ساتھ فعال تعلقات کی ہماری پالیسی سے ہم آہنگ ہے۔