لاہور ہائیکورٹ،پانامہ کیس سے متعلق ٹاک شوز پر پابندی کیلئے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

پیر 24 جولائی 2017 14:59

لاہور ہائیکورٹ،پانامہ کیس سے متعلق ٹاک شوز پر پابندی کیلئے درخواست ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پانامہ کیس سے متعلق ہونے والے ٹاک شوز پر پابندی کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا، عدالت کے روبرودرخواست گزار شہری امجد فاروق بسمل کے وکیل اے کے ڈوگر نے موقف اختیار کیاکہ آئین اور ملکی قانون کے تحت عدلیہ میں زیر سماعت مقدمہ پر رائے زنی نہیں کی جا سکتی،انہوں نے کہاکہ عدلیہ میں زیر سماعت مقدمات پر اظہار رائے عدالتی فیصلے پر اثرانداز ہونے اور واضح طور پر توہین عدالت ہے،انہوں نے دلائل دئیے کہ پیمرا آرڈیننس کے مطابق کسی بھی زیر سماعت مقدمے پر میڈیا میں رائے دینے پر پابندی عائد ہے،پانامہ کیس میں پچھلے آٹھ ماہ سے ایک اہم کیس پر روزانہ ٹاک شوز کئے جا رہے ہیں،اینکر پرسنز ٹاک شوز میں جج کا کردار ادا کررہے ہیں،انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پیمرا رولز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم صادر کرے۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔