ملکی تاریخ کی شفاف ترین قیادت پر بے بنیاد الزامات لگانے والے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے ‘ شہباز شریف

پیر 24 جولائی 2017 14:17

ملکی تاریخ کی شفاف ترین قیادت پر بے بنیاد الزامات لگانے والے عوام کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جھوٹ کی منفی سیاست سچ کے سامنے دم توڑ چکی ہے، عالمی ریکارڈ یافتہ جھوٹے سیاستدان نے ہر موقع پر بہتان تراشی کا سہارا لیا، بے بنیاد الزامات اور جھوٹ پر بھروسہ کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔

(جاری ہے)

لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ جھوٹ کا سہارا عالمی ریکارڈ یافتہ جھوٹے سیاستدان کی دم توڑتی سیاست کو دوبارہ زندہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے، ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے بچائے گئے ہیں، جبکہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک میں شفافیت اور تیز رفتاری سے منصوبے مکمل کرنے کے نئے ریکارڈ بنے ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ ملکی تاریخ کی شفاف ترین قیادت پر بے بنیاد الزامات لگانے والے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔