وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس

اجلاس میں پانامہ کیس کا متوقع فیصلہ اور چوہدری نثار علی خان کا معاملہ زیر غور وزیراعظم ہاؤس کی وزیر داخلہ سے پریس کانفرنس موخر کرنے اور پارٹی کے خلاف سخت زبان استعمال نہ کرنے کی استدعا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جولائی 2017 13:38

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2017ء) : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں مشاورتی اجلاس جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی رفقا، مشیر ، وفاقی وزرا اور قانونی ماہرین شریک ہیں۔ اجلاس میں پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے متوقع فیصلے پر بات کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں پانامہ کیس میں متوقع فیصلے کے بعد کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا معاملہ بھی زیر غور لایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو درخواست بھیجی گئی جس میں استدعا کی گئی کہ پریس کانفرنس کو موخر کیا جائے ۔ وزیر داخلہ نے صاف انکار کرتے ہوئے جواب دیا کہ پریس کانفرنس موخر نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ سے استدعا کی گئی کہ پریس کانفرنس میں سخت باتیں نہ کی جائیں، اس سے پارٹی معاملات میں مزید بگاڑ پیدا ہو گا۔

پریس کانفرنس موخر کرنے سے ساکھ متاثر ہو گی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان آج شام پانچ بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ ذرائع کے مطابق آج کی پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ پارٹی میں اپنے خلاف ہونے والی سازشوں سے پردہ اُٹھائیں گے اور پارٹی کے خوشامدی ٹولے پر تنقید بھی کریں گے۔ آج کی پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ اہم انکشافات بھی کریں گے۔