آئل ٹینکرزکی فٹنس اور جرمانوں کے خلاف آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے تیل کی سپلائی بند کردی -ملک بھر میں تیل کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ‘پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں

کراچی پورٹ کیماڑی‘ پورٹ قاسم سے 9 سو ٹینکرز کی روانگی روک دی گئی ہے۔ پیٹرول پمپوں پر تیل کا ذخیرہ موجود ہے، عوام خوفزدہ نہ ہوں۔چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 24 جولائی 2017 12:18

آئل ٹینکرزکی فٹنس اور جرمانوں کے خلاف آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے تیل ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 جولائی۔2017ء) آئل ٹینکرزکی فٹنس اور جرمانوں کے خلاف آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں تیل کی سپلائی بند کردی ہے اور کراچی پورٹ کیماڑی‘ پورٹ قاسم سے ملک بھر کیلئے 9 سو ٹینکرز کی روانگی روک دی گئی ہے۔آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی وجہ سے ملک بھر میں تیل کی شارٹیج ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے-چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرول پمپوں پر تیل کا ذخیرہ موجود ہے، عوام خوفزدہ نہ ہوں۔

آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے چیئر مین میر یوسف شاہوانی کے مطابق سندھ اور پنجاب میں کرایوں میں جبری کٹوتی، اوگرا سمیت حکومتی اداروں کے سخت رویہ اور موٹر وے پولیس کی جانب سے ناجائز جرمانے اور چالان کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

راہنماءکنٹریکٹرزایسوسی ایشن بابراسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ کیماڑی سے ملک بھر کے لیے 600ٹینکرز کی روانگی رک گئی ہے۔

کراچی پورٹ قاسم سے بھی تقریباً300 ٹینکرزکی نقل وحمل معطل ہوگئی ہے اور اس وقت محدود تعداد میں پی ایس او کے ٹینکرز سے تیل سپلائی کیا جارہا ہے۔چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سمیع خان کا کہنا ہے آئل ٹینکرز ہڑتال کے سبب پیٹرول پمپوں پر وافر مقدار میں تیل ذخیرہ کرلیا ہے۔سمیع خان نے کہا کہ کوشش ہے کہ آئل ٹینکر کی ہڑتال سے عوام کو پریشانی نہ ہو۔

چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے راہنماﺅں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں اور ضرورت سے زیادہ تیل نہ بھروائیں۔دوسری جانب انڈسٹری ذرائع کا بتانا ہے کہ اوگرا کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے زیراستعمال آئل ٹینکرز کی چیکنگ کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے جس میں بیشتر آئل ٹینکرز کا معیار پر نہ اترنے کا خدشہ موجود ہے۔چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میر یوسف نے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوںگے پورے ملک میں تیل کی سپلائی بند رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹینکر مالکان حکومت کو 3ماہ کا ایڈوانس ٹیکس ادا کرتے ہیں مگر حکومت انہیں ریلیف دینے کے بجائے استحصال کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ موٹر وے پولیس جرمانے عائد کرنے پر لگی ہوئی ہے، پنجاب میں پٹرولنگ پولیس کی جانب سے آئل ٹینکر کوہر اساں کیا جاتا ہے جبکہ سندھ میں ایکسائز پولیس کی بھتہ خوری وغنڈہ گردی عروج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت پٹرولیم نے جب سے آئل ٹینکرز سے متعلق امور اوگرا کے سپر د کئے ہیں تب سے آئل ٹینکر مارکیٹنگ کمپنیوں اوگرا اور آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کی کوئی بھی مشترکہ میٹنگ نہیں بلائی گئی صرف بند کمروں میں احکامات جاری کئے جا رہے ہیں ، جس سے ٹرانسپورٹروں کا استحصال ہو رہا ہے۔


متعلقہ عنوان :