فیس بُک کی نیوز ٹیم میں کام کرنے والی پہلی پاکستانی لڑکی سارہ منیر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جولائی 2017 12:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2017ء): پاکستان کا شمار بے شک دنیا کے ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے لیکن پاکستان کی نوجوان نسل نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ حال ہی میں پاکستان کی ایک نوجوان لڑکی سارہ منیر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر پہلی پاکستانی ملازم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

سارہ منیر سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک کی نیوز ٹیم میں کام کرنے والی پہلی پاکستانی لڑکی ہیں۔ اس سے قبل سارہ منیر نے انگریزی اخبارات کے ساتھ بھی کام کیا۔ سارہ منیر نے کولمبیا کے جرنلزم اسکول سے اپنی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ ڈگری حاصل کرنے کے بعد سارہ منیر نے معروف غیر ملکی پبلشر فوربز کے ساتھ کام کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

سارہ کا ماننا ہے کہ فیس بُک اور ٹویٹر کے ساتھ کام کر کے وہ بیرون ملک پاکستان کا امیج مثبت اور اچھا دکھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

سارہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹری دن بدن بڑھ رہی ہے اور میرے لیے بطور صحافی کام کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ سارہ منیر کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے ان کو خوب داد دی اور کہا کہ مسلمان لڑکیوں کا دنیا بھر میں اپنا لوہا منوانا بلا شبہ ایک قابل فخر بات ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے پر سارہ منیر کو خوب سراہا۔