سرکاری حج اسکیم کے تحت فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز،

اسلام آباد سے سردار یوسف اورکراچی سے امین الحسنات نے عازمین کو رخصت کیا، فیصل آباد ، ملتان اور پشاور سے بھی حج پروا زوں کی روانگی عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں ، دوران حج نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں، حکومت نے حجاج کرام کی سہولت کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں، سردار یوسف مدینہ منورہ میں ڈائریکٹرجنرل حج اور پاکستانی قونصل جنرل نے ہوائی اڈے پرعازمین کااستقبال کیا

پیر 24 جولائی 2017 11:45

سرکاری حج اسکیم کے تحت فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز،
اسلام آباد / کراچی /ملتان /مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جولائی2017ء) سرکاری حج اسکیم کے تحت فلائٹ آپریشن شروع ہو گیا ہے ، اسلام آباد اور کراچی سیپہلی حج پروازیں 300 ،300سے زائد عازمین کو لے کر مدینہ منورہ پہنچیں، جہاں ڈائریکٹر حج اور قونصل جنرل نے ان کا استقبال کیا ۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت پہلی پرواز اسلام آباد کے بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے 328 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئی ۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور ممبر قومی اسمبلی سید عمران شاہ نے عازمین کو رخصت کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر سردار یوسف کا کہنا تھا کہ عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں اس لئے دوران حج نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں اور کوئی بھی ممنوعہ شے اپنے ساتھ لے کر نہ جائیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے حجاج کرام کی سہولت کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اور عازمین کو پہلے کی نسبت زیادہ سہولیات میسر ہوں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ منی میں حکومت دو وقت کا کھانا فراہم کرے گی جبکہ مدینہ میں پیرا میڈکس اور خدام حجاج کی خدمت کے لئے موجود ہوں گے، عازمین مدینہ میں قائم شکایت سیل سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عازمین کے لئے حج کو سہل بنانے کے بھرپور اقدامات کئے ہیں لہذا حجاج کرام پاکستان اور قوم کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔پاکستان میں سعودی عرب کے قائم مقام سفیر نے اس موقع پر کہاکہ سعودی عرب عازمین کو مناسک حج کی ادائیگی میں آسانی یقینی بنانے کیلئے جامع انتظامات کررہاہے۔

واضح رہے کہ ایک لاکھ سات ہزارسے زائد عازمین کو ملک کے مختلف حصوں سے چارسوچھبیس پروازوں کے ذریعے حجازمقدس پہنچایا جائے گا۔ حج پروازوں کاسلسلہ اگلے مہینے کی چھبیس تاریخ کو مکمل ہوگا۔کراچی ایئر پورٹ سے بھی دوسری حج پرواز نے اڑان بھری اور وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے تین سو سے زائد عازمین حج کو الوداع کیا۔

تیسری حج پرواز 165 عازمین حج کو لے کر فیصل آباد سے روانہ ہوئی۔ مجموعی طور پر آج آٹھ پروازوں کے ذریعے 1954 عازمین حج سعودی عرب پہنچیں گے جبکہ فلائٹ آپریشن 26 اگست تک جاری رہے گا۔ملتان سے بھی نجی ایئر لائن کی پرواز ایک سو اسی عازمین حج کو لے کر مدینہ روانہ ہو گئی ہے جبکہ پشاور سے پہلی حج پرواز دن گیارہ بجے اڑان بھری۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکی پہلی حج پرواز تین سو اٹھائیس عازمین حج کو لیکر پیر کومدینہ منورہ پہنچی۔

ڈائریکٹرجنرل حج اور قونصل جنرل نے ہوائی اڈے پرعازمین کااستقبال کیا۔ اس سے قبل پہلی حج پرواز سے جانے والے عازمین حج کے اعزاز میں وفاقی وزارت مذہبی امور کے تحت اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی۔ جس سے خطاب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ عازمین عبادات کوترجیح دیں اور کوئی بھی ممنوعہ چیز لے کر نہ جائیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے عازمین کیلئے بہترین اور مثالی اقدامات کئے ہیں۔سردار یوسف نے کہاکہ اس سال حاجیوں کو گذشتہ سال کی بہ نسبت زیادہ سہولیات میسر ہوں گی۔ حکومت کی جانب سے منی میں دو وقت کے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عازمین حج کسی مسئلے کی صورت میں مدینہ منورہ میں قائم شکایات سیل سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :