وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی پشتو زبان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ زرسانگہ اور ان کے بیٹوں پر حملے کی شدید مذمت

زرسانگہ منفرد لہجے کی خوبصورت فنکارہ اور ہمارا سرمایہ ہیں، ان کے ساتھ اس طرح کا گھناؤنہ واقعہ پیش آنا انتہائی افسوسناک ہے واقعے سے خیبرپختونخوا کی مثالی حکومت کے جھوٹے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں، مریم اورنگزیب

پیر 24 جولائی 2017 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے نوشہرہ میں پشتو زبان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ زرسانگہ اور ان کے بیٹوں پر حملے اور تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زرسانگہ منفرد لہجے کی خوبصورت فنکارہ اور ہمارا سرمایہ ہیں، ان کے ساتھ اس طرح کا گھناؤنہ واقعہ پیش آنا انتہائی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے خیبرپختونخوا کی مثالی حکومت کے جھوٹے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کی جانب سے مظلوم فنکارہ کی مدد تو درکنار کسی کو واقعہ کی مذمت کی بھی توفیق تک نہ ہوئی لیکن وفاقی حکومت زرسانگہ کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ فن کی خدمت کرنے والے ہمیں بہت محترم اور قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ وزیر مملکت نے وزارت اطلاعات کے متعلقہ حکام کو زرسانگہ سے فوری رابطے اور ہر طرح کے تعاون کی فراہمی کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔