لاڑکانہ پولیس کی کارروائیاں، 60 ملزمان گرفتار، لوٹا گیا سونا، اسلحہ و منشیات برآمد

اتوار 23 جولائی 2017 22:40

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) لاڑکانہ پولیس نے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقدمات میں ملوث 60 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے چھینی گئی 16 لاکھ روپے نقد رقم، 10 تولے سونا، مسروقہ موٹر سائیکلیں، اسلحہ، منشیات اور شراب کی بوتلیں برآمد کر لی ہیں۔ ایس ایس پی لاڑکانہ ساجد امیر سدوزئی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتہ میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیوں کے دوران اشتہاریوں، روپوشوں سمیت متعدد مقدمات میں ملوث اور مطلوب 60 ملزمان کو گرفتار کرکے 6 مسروقہ موٹر سائکلیں، ایک کلاشنکوف، 2 رائفلز، 11 پسٹلز، ایک شاٹ گن، گولیاں، کارتوس، پانچ کلو چرس، پانچ من بھنگ اور 88 شراب کی بوتلیں برآمد کرلی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی کے مطابق ایک ماہ قبل ذوالفقار جاگیرانی سے 13 لاکھ روپے ڈکیتی کے واقعہ میں ملوث ملزم اختیار جاگیرانی کو گرفتار جبکہ 15 روز قبل تھانہ باڈہ کی حدود میں شہری ارسلان گودڑائی سے 3 لاکھ روپے ڈکیتی کے واقعہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے رقم برآمد کی گئی ہے۔ ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی نے مزید بتایا کہ ایڈووکیٹ نیاز حسین کھاوڑ کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو ایس ایچ او تھانہ رحمت پور میران خان درانی کی سربراہی میں تشکیل کردہ ٹیم نے گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، علاوہ ازیں 15 روز قبل تھانہ دھامراہ کی حدود سے چوری ہونے والے 10 تولے سونے کے زیورات اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :