کوہاٹ پولیس کی کارروائی ‘ چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو سمگلروں کو گرفتارکرلیا گیا

اتوار 23 جولائی 2017 22:10

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو بین الاضلاعی سمگلروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ انڈس ہائی وے پر مسلم آبادچیک پوسٹ میں تلاشی کے دوران موٹر کار کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرکے زیر حراست ملزمان کے خلاف تھانہ جرما میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے ۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جرما انسپکٹر گل جنان خان نے ہیڈ کانسٹیبل مبارک حسین اور دیگر پولیس پارٹی کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد چیک پوسٹ میںمعمول کی چیکنگ کی غرض سے نا کہ بندی کررکھی تھی کہ اس دوران پشاور سے بنوں جانیوالی ایک مشکوک آلٹوموٹر کار نمبر GAA-189کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے تلاشی کے دوران موٹر کا ر کے اگلی ٹائر کیساتھ موٹر گارڈ میں بنے خفیہ خانے سے مجموعی طور پر پانچ کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے گاڑی میں سوار منشیات کے دو بین الاضلاعی سمگلروں میر حمزہ ولد گلاب خان سکنہ شاہ کس کورونہ حیات آباد پشاور اور محمد عرفان ولد اکبر خان سکنہ کوکی خیل جمرود خیبر ایجنسی کو موٹر کار سمیت حراست میں لے لیا۔

پولیس نے منشیات سمیت گرفتاردونوں سمگلروں کو تھانہ جرما منتقل کردیا جہاں انکے خلاف بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق چرس علاقہ غیر خیبر ایجنسی سے بنوں سمگل کی جارہی تھی جسکا گرفتار ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اعتراف کرلیا ہے۔ ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :