سندھ اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس (آج) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی صدارت میں ہوگا

احتساب آرڈی ننس بل، سندھ پولیس ایکٹ ترمیمی بل 2017ء، ملازمت سے برخواست کرنے کے آرڈیننس کو ختم کرنے سمیت دیگر بل پیش کئے جائیں گے

اتوار 23 جولائی 2017 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) سندھ اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس پیر کو (آج) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی صدارت میں ہوگا۔ اجلاس میں نیب قوانین کی سندھ میں منسوخی کا احتساب آرڈی ننس بل، سندھ پولیس ایکٹ ترمیمی بل 2017ء، ملازمت سے برخاست کرنے کے خصوصی اختیارات کے آرڈی ننس 2000ء کو ختم کرنے کا ترمیمی بل، نیو کیپٹو پاور پلانٹ سبسڈی ترمیمی بل منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے سندھ میں نئے احتساب ادارے کے قیام اور سندھ پولیس کو وزیراعلیٰ سندھ کے تابع کرنے کے لئے بھی ترمیمی بل پیش کرنے کیلئے قانونی مسودے کو حتمی شکل دیدی ہے۔ اس سے قبل سندھ کابینہ ہفتے کو سندھ اکائونٹیبلٹی ایجنسی کے قیام کا ترمیمی بل ،ملازمتوں سے برطرفی سے متعلق آرڈیننس کی تنسیخ، سرکاری ملازمتوں میں معذوروں کے کوٹے میں اضافے اور کیپٹیو پاور پلانٹس کو سبسڈی دینے سے متعلق ترمیمی بلز کی منظوری دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو اسمبلی اجلاس میں نیب آرڈیننس منسوخ کرنے کی منظوری دی جائیگی اور نئے مجوزہ ایکٹ کے نافذ العمل ہوتے ہی نیب آرڈی ننس ختم اور زیرسماعت سارے مقدمات اینٹی کرپشن کورٹس کو منتقل ہو جائیں گے اور نیب صوبائی اداروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کر سکے گا۔ دوسری جانب قانونی ماہرین اورعوامی حلقے اسے سندھ حکومت کی اپنی کرپشن چھپانے کی کوشش کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے کئی وزیروں کیخلاف نیب میں انکوائریاں چل رہی ہیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے انہی سیاست دانوں کو براہ راست فائدہ پہنچانا مقصود ہے اورسندھ حکومت کی جانب سے نئے احتساب ادارے کے قیام کے فیصلے سے وفاق اور سندھ حکومت میں تصادم اورنئی محاذآرائی شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ آئی جی سندھ کے معاملہ پر پہلے ہی فریقین کے تعلقات میں کشیدگی اور بدمزگی موجود ہے اور صوبائی حکومت صوبائی پولیس چیف کوبے اثرکرنے کے لیے مختلف قوانین اورحیلے بہانے اختیارکرنے میں مصروف ہے۔

متعلقہ عنوان :