بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے مقامی مسائل میں کوئی تاخیر کی گنجائش نہیں‘ ڈپٹی کمشنر

اتوار 23 جولائی 2017 21:40

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے مقامی مسائل میں کوئی تاخیر کی گنجائش نہیں اور ان کے خاندانوں کو مکمل تحفظ فراہم کیاجائیگا۔منعقدہ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوسجاد احمد خان ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے حوالہ سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں لہٰذاآئندہ اجلا س میں درخواست دہندگان کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا جائے۔اجلاس کے دوران محکمہ مال، پولیس اور دیگر محکموں سے متعلقہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر بتایا گیاکہ ضلع جھنگ سے متعلقہ بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات و مسائل پر مبنی زیر کارروائی 12کیسز جھنگ سے ریفر کر دیئے گئے ہیں جبکہ 8کیسز پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی جاری ہے جبکہ اس سے قبل موصول ہونے والی متعدد درخواستیں نمٹا کر درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔