جمعیت علمائے اسلا م(ف) صوبہ خیبر پختونخوا کی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد

اتوار 23 جولائی 2017 21:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) جمعیت علمائے اسلا م(ف) صوبہ خیبر پختونخوا کی مجلس عاملہ کا اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں مولانا گل نصیب خان کی صدارت میں منعقد ہو ا جس میں ارکان مجلس عاملہ مولانا شجا ع الملک، مولانا عطاء الحق درویش، مفتی کفایت اللہ، مولانا رفیع اللہ قاسمی، عبدالجلیل جان، مولانا راحت حسین ، مولانا عین الدین شاکر، حاجی اسحاق زاہد، مولانا فضل معبود، عبدالوحید مروت، مولانا عزیز احمد نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال، آئندہ عام انتخابات، ممکنہ امیدواروں، تنظیمی صورتحال اور دیگر اہم امور پر غور وخوض کیاگیا، اجلاس کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے کہا کہ اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی زیادہ سے زیادہ نشستوں کی کامیابی کیلئے حکمت عملی طے کرلی گئی اورصوبے کے تمام نشستوںپر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میںدیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے حوالہ سے ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مفتی کفایت اللہ اور عبدالجلیل جان پر مشتمل 2رکنی الیکشن سیل کمیٹی قائم کی گئی جو قومی اور صوبائی اسمبلی کے 2008,2002,اور 2013کے الیکشن نتائج ‘سیاسی جماعتوں کی پوزیشن کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ مرتب کرینگے۔ اجلاس میں سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیلئے مولانا گل نصیب خان، مولانا شجاع الملک، مفتی کفایت اللہ،راحت حسین، مولانا عطاء الحق درویش اور مولانا رفیع اللہ قاسمی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ عبدالجلیل جان صوبائی سیکرٹری اطلاعات کمیٹی کے رابطہ سیکرٹری ہونگے، اجلاس میںصوبہ بھر کے اضلاع اور قبائل ایجنسیوںکے امرا ء ونظماء کا اجلاس3اگست کو پشاور میںطلب کرنے کا فیصلہ کیاگیا جسمیں اضلاع کی سیاسی صورتحال او انتخابی صورتحال پر غور و خوض ہو گا، اور اضلاع کی طرف سے امیدوراں کے حوالہ سے دی گئی رپورٹ کی روشنی میں اہم فیصلے کئے جائینگے‘ اصولی طور پر فیصلہ کیا گیا کہ امیدواروں کی مشاورت کا کام ماہ اگست میں مکمل کرلیا جائیگا اور مرکز کو ممکنہ امیدوراں کی تفصیل جلد از جلد ارسال کر دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :