مہاجر اتحاد سے خوفزدہ ادارو ں اورحکومت کی وجہ سے جلسہ منسوخ ہوا، شمشاد غوری

تصادم کا راستہ اختیار نہیں کریں گے لیکن اپنے مقصد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے

اتوار 23 جولائی 2017 21:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) مہاجر اتحاد سے خوفزدہ ادارو ں کی سازشوں اور سندھ حکومت کی بدنیتی کی وجہ سے بیت الحمزہ گرائونڈ میں ہونے والا جلسہ منسوخ ضرور ہوا ہے لیکن یہ سازشیں مہاجر کارکنان و عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ مہاجر کارکنان اپنا کام جاری رکھیں اور گھر گھر جاکر مہاجر عوام کو بتائیں کہ ہمارے اتحاد کو توڑنے کیلئے حکمران اور بیوروکریسی ایکا کرچکی ہے جسے ناکام بنانے کیلئے اب اس بات کا تہیہ کرنا ہوگا کہ کسی کے بہکاوے میں آکر خود کو تقسیم نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار مہاجر قومی موومنٹ کے اراکین مرکزی کمیٹی نے جلسہ کی بھرپور تیاریاں کرنے والے یونٹ ، سیکٹر اور شعبہ خواتین کی ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا کہ جلسہ کی منسوخی کیلئے سیکیورٹی خدشات کا بھونڈا جواز پیش کرنا دراصل اداروں کی ناکامی ہے ،اگر ہم اپنے شہر میں بھی آزادانہ سیاسی سرگرمیاں نہیں کرسکتے تو پھر سالوں کے آپریشن کا کیا فائدہ ۔

سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے کہا کہ سرکاری گود میں بیٹھے گندے انڈوں کو مہاجر عوام پر مسلط کرنے کیلئے جو کھیل کھیلا جارہا ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا ۔قاتلوں اور بھتہ خوروں کو گنگا میں اشنان دینے والوں کے غیر اعلانیہ آپریشن کو تیرہ سال جھیل چکے ہیں۔ شاہد فراز نے کہا کہ جلسہ کے اجازت نامہ کو منسوخ کرکے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ بیت الحمزہ کی تعمیر کو روکا جاسکتا ہے تو یہ خام خیالی ہے،تصادم کا راستہ اختیار نہیں کریں گے لیکن اپنے مقصد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ،ت الحمزہ تعمیر ہوگا اور ہر حال میں ہوگا اور مہاجر عوام اسے خود تعمیر کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اور ادارے مہاجروں کا اتحاد توڑنے کیلئے کس حد تک جاسکتے ہیں یہ جلسہ کی منسوخی کے بعد مہاجر عوام اچھی طرح سمجھ چکے ہیں لیکن ہم مایوس نہیں ، جلسہ کی اجازت کیلئے ایک بار پھر رجوع کریں گے اور اگر اس بار بھی انکار کیا گیا تو کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

متعلقہ عنوان :