کرپٹ نظامِ حکومت اپنے خاتمے کے دن گن رہا ہے، علامہ راجہ ناصر عباس

اتوار 23 جولائی 2017 21:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ کرپٹ نظامِ حکومت اپنے خاتمے کے دن گن رہا ہے، ملک کی اقتصادی بدحالی کے ذمہ دار بدعنوان حکمران ہیں جو ترقی کے نام پر شروع کیے جانے والے منصوبوں میں بھی لاکھوں ڈالر کمیشن وصول کرتے رہے ہیں، پاکستان میں شفاف اور عادلانہ نظام حکومت کا قیام پوری قوم کا مطالبہ ہے جو حکمرانوں کے احتساب کے بعد پورا ہوتا دکھا ئی دے رہا ہے، جمہوریت کی پاسداری اور کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے ہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت کی ہے، پاناما لیکس ظالم ،جابراور متکبر حکمرانوں کے لیے اللہ کی طرف سے پکڑ ثابت ہو رہی ہے، حکمرانوں نے پانامہ کیس کو لٹکانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن انہیں ناکامی دیکھنا پڑی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو متنازع ثابت کرنے کی جو مہم جاری ہے اس پر سپریم کورٹ کو سخت نوٹس لینا چاہیے، جے آئی ٹی کوئی گلی محلے کی جرگہ کمیٹی نہیں بلکہ عدالت عظمی کی طرف سے تشکیل دی جانے والی تحقیقاتی ٹیم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اراکین کی طرف سے جے آئی ٹی کے اراکین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں تک دی گئیں، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے حکمران اقتدار کو بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اراکین شاید کسی بڑی غلط فہمی کا شکار ہیں، مسلم لیگ کے اراکین جماعت کی بجائے خاندان کا دفاع کر رہے ہیں، حالانکہ اخلاقی تقاضہ تو یہ ہے کہ مسلم لیگ کو بدعنوان عناصر سے پاک کرنے کی کوشش میں عدلیہ اور قوم کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے، ایک شخص کو بچانے کے لیے پورے نظام کو داؤ پر لگایا جانا دانشمندی نہیں۔