نیب سندھ کو ختم کرنے کا بل دوبارہ لانے کی کوشش قومی دولت کی لوٹ مار ہے، معراج الہدیٰ

سندھ حکومت صوبہ میں غربت وافلاس اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے تو سنجیدہ نہیں ہے مگر قومی لٹیروں کو بچانے کیلئے نیب کو ختم کیا جارہا ہے

اتوار 23 جولائی 2017 21:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے نیب سندھ کو ختم کرنے کا بل دوبارہ لانے کی کوشش قومی دولت کی لوٹ مار کرنے کی کھلی چھوٹ اور چوروں کو احتساب سے بچانے کی کوشش ہے۔سندھ حکومت صوبہ میں غربت وافلاس اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے تو سنجیدہ نہیں ہے مگر لٹیروں کو بچانے کیلئے نیب کو ختم کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایک بیان میں کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف غربت سے لوگ اپنے جگر گوشوں کو فروخت کرنے اور خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں تو دوسری جانب سندھ کے بے حس حکمران عوامی فلاح وبہبود کیلئے قانون سازی کرنے کی بجائے اپنی کرپشن اور عوامی خزانے سے لوٹی ہوئی دولت کو محفوظ کرنے کیلئے لولی لنگڑی نیب جیسے احتسابی اداروں کو بھی برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں اور اپنی مرضی کا قانون اور مرضی کا احتساب کرنے کیلئے سندھ میں وفاقی ادارے کو ختم کرنے کیلئے عددی اکثریت کے زور پر نیب کو ختم کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک طرف کراچی سمیت سندھ میں امن امان کی حالت پھر سے بگڑ رہی ہے،کراچی میں حالیہ دنوں میں پولیس کے جوانوں کی شہادتیں جبکہ قبائلی تصادم کی وجہ سے انسانی جانیں ضایع ہورہیں تو دوسری طرف کرپشن اور کمیشن کی وجہ سے پورا صوبہ کھنڈرات بن چکا ہے۔سندھ میں حالیہ معمولی بارشوں نے رین ایمرجنسی کے حکومتی تمام دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے،صوبہ تیل گیس، اور کوئلے سمیت قدرتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود کرپشن اور کرپٹ قیادت کی وجہ سے سندھ اس صورتحال سے دوچار ہے۔اسلئے حکومت اپنی تما تر توجہ چوروں کو بچانے کی بجائے صوبہ میں ترقی اور عوام کے فلاح وبہبود پر توجہ دے۔

متعلقہ عنوان :