تعلیم کے ساتھ کھیل اور صحت ضروری ہیں ، کھیلوں کی سرگرمیاں انسان کو ذہنی و جسمانی طور پر فعال رکھتی ہیں ، میئر کراچی وسیم اختر

والدین اپنے بچوں کو اس جانب راغب کریں تاکہ آنے والی نسل صحت مند ہو

اتوار 23 جولائی 2017 21:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ کھیل اور صحت ضروری ہیں ، کھیلوں کی سرگرمیاں انسان کو ذہنی و جسمانی طور پر فعال رکھتی ہیں والدین کو چاہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس جانب راغب کریں تاکہ آنے والی نسل نہ صرف صحت مند ہو بلکہ پوری دنیا میں کھیلوں کے میدانوں میں پاکستانی پرچم سربلند کرسکے اور اپنا اور اپنے والدین کا اور اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں، یہ بات انہوں نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ سمر کیمپ کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس ، حنیف سورتی، اعجاز احمد خان، چیئرمین اسپورٹس کمیٹی ،سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس سیف عباس،والدین اور بچوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کی یہ پالیسی ہے کہ وہ کھیلوں کو فروغ دے اور ڈسٹرکٹس سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے تاکہ کراچی کے باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع میسر آئیں، مجھے امید ہے کہ اگر کراچی کے نوجوانوں کو مواقع دیئے جائیں تو وہ ایک بہترین کھلاڑی کے روپ میں سامنے آئیں گے ، کراچی کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کھیلوں کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے اور اسی کے باعث کراچی میں بھی اب عالمی سطح کے مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں ، گزشتہ دنوں میں عالمی شہرت کے حامل ریسلرز اور فٹ بال کے کھلاڑیوں کی کراچی آمد میں اس شہر کا سوفٹ امیج دنیا بھر میں نمایاں کیا ہے، پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر بھی کے ایم سی مختلف مقابلے منعقد کرے گی جس میں کراچی سمیت دیگر شہروں کے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام جشن آزادی کی مناسبت سے کراچی میں موجود مختلف کھیلوں کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس میں بڑی تعداد میں کھیلوں کے شائقین بھی شرکت کریں گے۔

میئر کراچی نے اس موقع پر سمر کیمپ شامل بچوں اور نوجوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور والدین کو مبارکباد دی کہ انہوں نے اپنے بچوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا۔انہوں نے کہا کہ کھیل کے گرائونڈ میں شادی ہال نہیں چلنے دیں گے، تجاوزات ختم کریں گے،کراچی میں ایک ٹولہ چائنا کٹنگ کا ماسٹر تھا جس کے خلاف جدوجہد جاری ہے،میئر کراچی نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ صحت اور کھیل ضروری ہیں،کراچی میں نوجوانوں کو مواقع ملیں تو وہ اچھے اسپورٹس مین بن سکتے ہیں،کراچی کے پارکوں اور کھیل کے میدانوں سے قبضہ ختم کرائیں گے،کے ایم سی کی پالیسی ہے کہ کھیلوں کو زیادہ سے زیادہ پروموٹ کریں، انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور سندھ کی انتظامیہ سے کہوں گا کہ وہ کام کریں اور کراچی پر رحم کریں، کراچی سے کچرا نہ اٹھنے کے باعث بیماریاں پھیل رہی ہیں،پوری کوشش کریں گے کہ بارش ہونے کی صورت میں سڑکوں پر پانی کھڑ ا نہ ہو۔

تقریب کے اختتام پر میئر کراچی نے کراٹے، سوئمنگ اور دیگر کھیلوں میں شامل کامیاب بچوں میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں اور مختلف کھیلوں کے مقابلے دیکھے۔

متعلقہ عنوان :