جرائم پر کنٹرول کے مجموعی اقدامات کو انتہائی غیرمعمولی بنایا جائے ،ایڈیشنل آئی جی کراچی

اتوار 23 جولائی 2017 21:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے دفتر سے جاری رہنما ہدایات میں کہا ہے کہ پولیس کی بنیادی ذمہ داریوں کے تحت جرائم کا خاتمہ اور جرائم کو کنٹرول کرنے کی تدابیر، مجرموں کی کھوج اور ان کے متعلق مکمل آگاہی پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ کرائم انالیسز کی بنیاد پر ایسے تمام علاقوں میں کہ جو جرائم کی مختلف نوعیت کی وارداتوں سے زیادہ متاثر ہیںوہاں پولیس کو مجموعی حکمت عملی اور لائحہ عمل کو مذید مؤثر اور مربوط بنانیکی ضرورت ہے اور باالخصوص آرگنائز کرائم کے خلاف جملہ امور کو غیرمعمولی بنانا وقت کا تقاضہ ہے تاکہ دھشتگردوں جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری پولیس آپریشنز/کاروائیوں میں کامیابی کے گراف کو مزید فروغ دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

غلام قادر تھیبو نے ہدایات جاری کیں کہ اسٹریٹ کرائم کی سرکوبی کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں اور جملہ اقدامات میں حفاظت خود اختیاری سے متعلق جاری ایس او پی پر عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے ۔بصورت دیگر کوئی بھی غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی اور ذمہ داران کو سخت انضباطی کاروائی کا سامنا کرنا پڑیگا ۔انہوں نے کہا کہ اغواء اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث عناصر ،گروہوں اور انکے سرپرستوں کے خلاف پولیس ایکشن کو ہر سطح پر مربوط اور مؤثر بنایا جائے تاکہ ایسی وارداتوں کے خلاف پولیس کارکردگی کو مذید بہتر بنایا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ قیام امن کے حوالے سے پولیس،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اورانٹیلی جینس ایجنسیوں سے روابط کو ہر سطح پر مذید مضبوط اور مؤثر بنائے اور کسی بھی حوالے سے موصول ہونیوالی اطلاعات کی بروقت شیئرنگ اور فالو کرنیکے عمل کو یقینی بنائے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ مجموعی امورمیں پولیس عوام کے ساتھ انتہائی مثبت برتاؤ اور دوستانہ رویہ اختیار کرے اور عوام کی شکایات کا اذالہ بروقت یقینی بنائے تا کہ پولیس اور عوام مل کر جرائم کا خاتمہ کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :