معیشت کوترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کیلئے جامع قومی پالیسی ترتیب دی جائے ‘ اشرف بھٹی

اتوار 23 جولائی 2017 21:11

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ عالمی حالات خصوصاًاسلامی ممالک کو درپیش مشکلات کے تناظر میں ہمیں جس قدر اتحاد اور یگانگت کی آج ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی ،معیشت کو بلا تعطل ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے او ر سی پیک کی طرز کے قومی سطح کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے جامع قومی پالیسی ترتیب دی جائے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان دنیا میں انتہائی اہمیت کا حامل کا ملک ہے اور ہم معاشی اور سیاسی استحکام حاصل کرکے دنیا میں قائدانہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست نما دشمن پاکستان کو آگے بڑھتا اور ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے اور اس کے لئے مختلف سازشیں کی جارہی ہیںجنہیں صرف اتحاد سے ہی ناکام بنا یا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اشرف بھٹی نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ پاکستان کی لائف لائن ہے اور ہمارے روایتی دشمن سمیت دنیا کے کئی ممالک کو یہ منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا ۔سیاست اپنی جگہ لیکن ملک کے مفادات کو دائو پر نہیں لگانا چاہیے ۔معیشت کو بلا تعطل ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے او ر سی پیک کی طرز کے قومی سطح کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے جامع قومی پالیسی ترتیب دی جائے اور اس کیلئے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز سے وسیع مشاورت کی جانی چاہیے ۔