بلاتفریق احتساب سب کا ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن کو بااختیار ادارہ بنایا جانا چاہیے جو آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری اور پیر اعجاز احمد ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 جولائی 2017 21:11

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) بلاتفریق احتساب سب کا ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن کو بااختیار ادارہ بنایا جانا چاہیے جو آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ وجمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری اور جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ تمام مذہبی جماعتیں الیکشن اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں، وقت آ گیا ہے کہ تمام مذہبی جماعتیں متحد ہو کر الیکشن میں حصہ لیں ، انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) کی مجلس شوریٰ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں تمام دینی و مذہبی جماعتوں کے اتحاد کے بارے میں مشاورت کی گئی اور انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ مذہبی جماعتوںکے رہنمائوں سے ملاقات کریں اور انہیں دینی و مذہبی جماعتوں کے اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں مولانا سمیع الحق ،ْ مولانا ساجد میر سمیت دیگر رہنمائوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں اوردینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے مشاورتی عمل شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے مذہبی جماعتوں کے اتحاد کے حوالے سے ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دینی و مذہبی جماعتوں کو متحد کیا جائے اور عوام کو متوجہ کیا جائے کہ ملک میں علماء کا اہم کردار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم مذہبی جماعتوں کے اتحاد کے پلیٹ فارم کی تشکیل میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ہی دینی جماعتوں کی پذیرائی ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت سے بھی ہماری ملاقات متوقع ہے ۔انہوںنے ان تمام دینی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا جو آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش مند ہیں۔ انہوں نے تمام دینی مذہبی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ الیکشن میں حصہ لیں۔

ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے،اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا کہ وہ مولانا عبدالغفور حیدری کو خوش آمدید کہتے ہیں اور یہ دیرینہ سوچ تھی کہ دینی جماعتوں کو اکٹھا کیا جائے اور ان کو پذیرائی ملے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بااختیار ادارہ بنایا جانا چاہیے جو آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے۔

قبل ازیںڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی،ملاقات میں دینی و مذہبی جماعتوں کے اتحاد اور ایم ایم اے کی بحالی کے حوالے سے بات چیت کی گئی،اور اس موقع پر ایم ایم اے کی بحالی پراتفاق کیا گیا۔