ملک و قوم کو شریف خاندان سے چھٹکارا دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے،عزیز الرحمن چن

پیپلز پارٹی عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کرے گی، پیپلز پارٹی کی عظیم الشان ریلی نے مخالفین کے ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا ہے،صدر پیپلز پارٹی لاہور کا گو نواز گو ریلی کے شرکاء سے خطاب

اتوار 23 جولائی 2017 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو شریف خاندان سے چھٹکارا دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے پیپلز پارٹی عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کرے گی۔ پیپلز پارٹی کی عظیم الشان ریلی نے مخالفین کے ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا ہے۔ ان لیگی حکومت پیپلزپارٹی کے بینرز اُتار کر احتساب سے بچ نہیں سکتے پوری قوم پانامہ لیکس کا منطقی انجام چاہتے ہیں نواز شریف اخلاقی طور پر وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا حق کھو چکے ہیں اس لئے فوراً مستعفی ہو جائیں تاکہ جمہوریت کو کسی قسم کو نقصان نہ پہنچے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی لاہور کی جانب سے منعقدہ گو نواز گو ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ریلی لاہور پریس کلب سے شروع ہو کر ایوان اقبال پر اختتام پذیر ہوئی ریلی کے شرکا نے حکومت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر گو نواز گو اور پارٹی نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے خصوصی شرکت کی اُن کے علاوہ عابد حسین صدیقی، اشرف بھٹی اور عدنان گورسی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عزیز الرحمن چن نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت صرف ایسے منصوبے بناتی ہے جن میں کمیشن اور تشہیر کا وافرسامان ہو۔ قومی دولت ناقص منصوبوں میں ضائع کرنا بھی کرپشن اور بے ایمانی ہے۔ پیپلز پارٹی کے حوصلے بلند ہیں اور بطور اپوزیشن اسمبلی کے اندر اور باہر عوام کے حقوق کیلئے بھرپور آواز بلند کر رہی ہے پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے عوام ہی پیپلز پارٹی کو زندہ رکھیں گے پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہی پنہاں ہے اور بلاول بھٹو زرداری ہی اس ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی میں لوگوں کی کثیر تعداد کی شرکت نے ثابت دیا کہ پیپلز پارٹی کی جڑیں آج بھی عوام میں موجود ہیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے بینرز اُتارنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ن لیگ قوم کی ترجمانی سے پیپلز پارٹی کو روک نہیں سکتی شریف خاندان قانون کے شکنجے میں پھنس چکا ہے ہے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا پڑے گا۔