مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ اور تمام کارکن عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے تمام افراد نے عدالتوں میں پیش ہو کر اپنے اس احترام کو ثابت بھی کیا ہے ، چوہدری افتخار احمد وارثی

اتوار 23 جولائی 2017 20:41

گوجر خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ اور تمام کارکن عدلیہ کا احترام کرتے ہیں ․ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے تمام افراد نے عدالتوں میں پیش ہو کر اپنے اس احترام کو ثابت بھی کیا ہے ․ عدالت سے جو بھی فیصلہ آئیگا ہم اسے تسلیم کریں گے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کے واویلے پر وزیر اعظم استعفیٰ ہر گز نہیں دیں گے ․ انہوں نے یہ بات اپنے حلقے کی مختلف یونین کونسلوں میں دورے کے دوران جمع ہونے والے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ․ انہو ںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کو عدالتوں کے علاوہ بھی بڑے بڑے ٹرائلز کا سامنا رہا ہے اور اب بھی ہم سیاسی و میڈیا ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے ہاتھ صاف ہیں اسی لئے وہ پورے وثوق کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ انصاف ہو گا ․ انہو ںنے کہا کہ اقتدار کے بھوکے اپوزیشن راہنمائوں کو خاطر جمع رکھنی چاہیے کہ ان کے میڈیا ٹرائل اور دیگر جگہوں کے علاوہ بھی ایک عدالت ہے جو اللہ تعالی کے بعد سب سے معتبر ہے اور وہ عدالت عوام کی عدالت ہے۔