ضلع ناظم ہنگو اور نائب ناظم کے درمیان اختلافات ختم‘نائب ناظم نے استعفیٰ واپس لے لیا‘ مل کر کام کرنے کا عزم

اتوار 23 جولائی 2017 20:41

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) ضلع ناظم ہنگو اور ضلع نائب ناظم کے درمیان اختلافات ختم،ضلع ‘نائب ناظم نے استعفیٰ واپس لے لیا،باہمی مشاورت سے ضلع کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ( ف) ہنگو کے مشران کی کوششوں سے ضلع ناظم اور ضلع نائب ناظم کے درمیان حکومتی امورسے متعلق غلط فہمیوں کو دور کر دیا گیا ہے اور ضلع نائب ناظم حاجی زیارت گل اورکزئی نے اپنا استعفیٰ واپس لیے لیا ہے۔

اس سلسلے میں ہنگو میں جمعیت علماء اسلام کا غیر معمولی اجلاس شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی دین اظہر حقانی کی صدارت میں جامعہ مفتاح العلوم ہنگو میں ہوا جس میں سابق ایم پی اے حاجی عتیق الرحمان ،مولانا رحمت اللہ زار،مولانا تحسین اللہ،مولانا عزیز احمد اشرفی،حاجی ضیاء الاسلام ،مولانا مسعود الرحمان،ضلع ناظم مفتی عبید اللہ،ضلع نائب ناظم حاجی زیارت گل اورکزئی،اور اہم رہنمائوں،ناظمین،ضلع کونسل کے جمعیت علماء اسلام کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دونوں رہنمائوںنے اپنے خطاب میں کہاکہ جمعیت علما اسلام کی ضلعی حکومت کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اور وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ھنگو کے عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے اور ہم مشاورت سے ضلعی حکومت کے وسائل عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال میں لائیں گے۔