وزیر اعلیٰ پنجاب کا پل کاکردار، چوہدری نثار اور وفاقی حکومت کے درمیان ففٹی ففٹی معاملات طے کروا دئیے

خواجہ آصف کا وزارت عظمیٰ کیلئے پتا کٹ گیا وزیراعظم کی نااہلی کی صورت میں نئی متحدہ مسلم لیگ کے معرض وجودآنے کا بھی قوی امکان،قیادت کیلئے چوہدری نثار فیورٹ

اتوار 23 جولائی 2017 20:31

وزیر اعلیٰ پنجاب  کا پل کاکردار، چوہدری نثار  اور وفاقی حکومت کے درمیان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وفاقی حکومت کے درمیان وزیر اعلیٰ پنجاب نے پل کاکردار ادا کرتے ہوئے ففٹی ففٹی معاملات طے کروا دئیے ہیں۔نئے متوقع وزیراعظم کے لیے خواجہ آصف کا پتا کٹ گیا۔وزیراعظم کی عدالت عظمیٰ سے نااہلی کے ممکنہ فیصلہ کے بعد نئی متحدہ مسلم لیگ کے معرض وجودآنے کا بھی قوی امکان ہے ،نئی مسلم لیگ کی قیادت کے لیے چوہدری نثار فیورٹ قرار دیدیئے گئے ہیں۔

مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چوہدری نثار علی خان سے گزشتہ شب ہی وزیراعلی ٰ پنجاب شہبازشریف نے فون پر گفتگو کر کے اعتماد میں لیا کہ مری میں نئے وزیر اعظم کے لیے فیصلہ نہیں کیا جارہا ہے ،تاہم وزیراعظم کی نااہلی پر نئے وزیر اعظم کے لیے مشاورت میں وفاقی وزیر داخلہ کو شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دلایا کہ خواجہ آصف کو وزیراعظم نہیں بنایا جائے گا ،خواجہ آصف کے بغیر جو بھی وزیر اعظم بنا تو اس حوالے سے باہمی مشاورت کی جائیگی ۔

دوسری جانب باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی سپریم کورٹ سے نااہلی کی صورت میں نئی مسلم لیگ کے معرض وجود آنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں ،متحدہ مسلم لیگ میں ،مسلم لیگ ق،عوامی مسلم لیگ ،فنکشنل ،ن،کے چیدہ چیدہ اور معتبر رہنمائوں کو یکجا کر کے چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں فعال کی جائے گی،اور 2018کا الیکشن متحدہ مسلم لیگ ، تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران نے اس سلسلہ میں کوشش شروع کر دی ہے اور اس سلسلہ میں چوہدری نثار علی خان سے بھی بات چیت ہو چکی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اے پی ایم ایل کے حوالے سے ابھی تک بات چیت فیصلہ کن مرحلہ تک نہیں پہنچی ہے ،چوہدری نثار علی خان کا موقف ہے کہ اے پی ایم ایل کو شامل نہ کیا جائے کیونکہ اس طرح پارٹی پر سابق صدر پرویز مشرف کا دھبہ لگ جائے گا،تاہم ذرائع کا کہنا ہے اس سلسلہ میں بات چیت جاری ہے ۔