پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام پنجاب بھر میں ’’ گو نواز گو ‘‘ ریلیاں ،وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ

لاہور میں پریس کلب سے ایوان اقبال تک ریلی نکالی گئی،کارکن حکومت کیخلاف نعرے لگاتے رہے،شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ملک و قوم کو شریف خاندان سے چھٹکارا دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،پیپلز پارٹی عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کریگی‘ عزیز الرحمن چن ملک میں3کیسزچل رہے ہیں سب کافیصلہ قانون کے مطابق ہونا چاہیے،بھٹو تھا، بھٹو ہے اور بھٹو رہے گا‘ چوہدری منظوری

اتوار 23 جولائی 2017 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وسطی پنجاب تنظیم کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں ’’ گو نواز گو ‘‘ ریلیاں نکالی گئیں جس میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،لاہورمیں پریس کلب سے ایوان اقبال تک ریلی نکالی جائے گی ،مرکزی ریلی میں شرکت کیلئے آنے والے کارکنوں نے فیروز پور روڈ پر ٹائر جلاکر حکومت کے خلاف احتجاج کیا ،کارکنوںنے حکومت مخالف نعروں پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ سارے راستے لٹیرو حساب دو، گلی گلی میں شور ہے نواز شریف چور ہے ، گلی گلی میں شور ہے سارا ٹبر چور ہے کے نعرے لگائے جاتے رہے ، ریلیوںکے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات درپیش رہیں۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی لاہور صدر عزیز الرحمن چن نے کہا کہ ملک و قوم کو شریف خاندان سے چھٹکارا دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،پیپلز پارٹی عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کرے گی، پیپلز پارٹی کی عظیم الشان ریلی نے مخالفین کے ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا ہے،لیگی حکومت پیپلزپارٹی کے بینرز اتار کر احتساب سے بچ نہیں سکتی، پوری قوم پانامہ لیکس کا منطقی انجام دیکھنا چاہتی ہے ، نواز شریف اخلاقی طور پر وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا حق کھو چکے ہیں اس لئے فوراً مستعفی ہو جائیں تاکہ جمہوریت کو کسی قسم کو نقصان نہ پہنچے۔

ریلی میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے خصوصی شرکت کی ۔ عزیز الرحمن چن نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صرف ایسے منصوبے بناتی ہے جن میں کمیشن اور تشہیر کا وافرسامان ہو، قومی دولت ناقص منصوبوں میں ضائع کرنا بھی کرپشن اور بے ایمانی ہے، پیپلز پارٹی کے حوصلے بلند ہیں اور بطور اپوزیشن اسمبلی کے اندر اور باہر عوام کے حقوق کیلئے بھرپور آواز بلند کر رہی ہے، پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے عوام ہی پیپلز پارٹی کو زندہ رکھیں گے ،پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں پنہاں ہے اور بلاول بھٹو زرداری ہی اس ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی میں لوگوں کی کثیر تعداد کی شرکت نے ثابت دیا کہ پیپلز پارٹی کی جڑیں آج بھی عوام میں موجود ہیں۔چوہدری منظور نے کہا کہ ملک میں3کیسزچل رہے ہیں سب کافیصلہ قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی سے ثابت ہو گیا کہ بھٹو تھا، بھٹو ہے اور بھٹو رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آج بہت سے لوگ بھٹو بننے کی کوشش کرتے ہیں ،بھٹو جیسے کپڑے پہننے سے کوئی بھٹو نہیں بن جاتا۔ آج کل کچھ لوگ نواز شریف کو بھی بھٹو سے ملا رہے ہیں ۔