سرسبزوشاداب جنگلات کی حفاظت کرناہرشہری کااولین فرض ہے،سراج الحق

وفاقی اورصوبائی حکومت نے کمراٹ پر توجہ دی تو یہ خطہ دنیا کادوسراسوئٹزرلینڈبن جاجائیگا،جماعت اسلامی کے وزراء اور ارکین اسمبلی کی شب و روز محنت اور کوششیں رنگ لاچکی ہیں ،پوری دنیا کو اس خوبصورت ترین اورپرامن سیاحتی مرکزکمراٹ آنے کی دعوت دیتے ہیں،نواز شریف اور انکے درباریوں کے دن گنے جاچکے ہیں اپنے بورئے بستر گول کردیں ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق کادیر میں عمائدین سے گفتگو

اتوار 23 جولائی 2017 20:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سرسبزوشاداب جنگلات کی حفاظت کرناہرشہری کااولین فرض ہے،سرسبز جنگلات ہی کسی خطے کی خوبصورتی اور ترقی کی علامت سمجھے جاتے ہیں ۔ وفاقی اورصوبائی حکومت نے کمراٹ پر توجہ دی تو یہ خطہ دنیا کادوسراسوئٹزرلینڈبن جاجائیگا،جماعت اسلامی کے وزراء اور ارکین اسمبلی کی شب و روز محنت اور کوششیں رنگ لاچکی ہیں ،پوری دنیا کو اس خوبصورت ترین اورپرامن سیاحتی مرکزکمراٹ آنے کی دعوت دیتے ہیں،نواز شریف اور انکے درباریوں کے دن گنے جاچکے ہیں اپنے بورئے بستر گول کردیں قوم انکو مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے کمراٹ پکنک دورے کے موقع پر کمراٹ پارک میں سیروتفریح کیلئے آئے سیاحوں اور مقامی عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع انکے ہمراہ سینئرصوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان،صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید،ممبرقومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ ،ضلعی ناظم دیربالاصاحبزادہ فصیح اللہ ،ضلعی امیرحنیف اللہ ایدوکیٹ بھی موجود تھے ،اس موقع پر صوبائی وزراء نے امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کو کمراٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اورآئندہ کے میگاپراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ صوبائی وزیرخزانہ نے کمراٹ پارک کیلئے دس کروڑ روپے کا اعلان کیا ،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قدرت نے پاکستان اور باالخصوص خیبر پختونخواکو ایسے سرسبز وشاداب پہاڑی خطے دئے ہیں جن کے سامنے سوئٹزرلینڈ جیسے ملکوں کی کوئی حیثیت نہیں لیکن ہمارے کرپٹ حکمرانوں کی توجہ اپنی تجوریوں کوبھرنے پرمرکوزرہنے ٍکی وجہ سے یہ جنت نظیر ملک دنیا کے پسماندہ ممالک سے بھی پیچھے ہے،انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں نے عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کی بجائے اپنے خاندانوں کی فلاح و بہبود پر توجہ دی اور قومی خزانے کو لوٹ کر بیرونی ممالک میں پراپرٹیاں ،محلات اور آف شور کمپنیاں بنائیں یہی وجہ ہے کہ آج انکے محلات میں انکے کتوں اور پالتوجانوروں کیلئے تفریحی پارک اور ہر قسم کی سہولیات توموجود ہیں لیکن ہمارے عوام کیلئے پارک اور تفریح تو دور کی بات دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور انکے درباریوں کاوقت اب ختم ہوا چاہتا ہے انکے درباری اپنے بورئے بستر گول کردیں اب قوم مزید انکو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ،انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور انکے درباری چاہے جتنی بھی دل کو طفل تسلیاں دیں لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ اب انکے جانے کا وقت اگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہاں کوئی بھی اپنی مرضی سے نہیں جاتا افسوس ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے دنیا کے حکمرانوں سے سبق نہیں لی جنہوں نے الزامات کے فوری بعد نہ صرف اپنی قوموں سے معافیاں مانگیں بلکہ انکے خلاف کیسز شروع ہونے سے پہلے انہوں نے استغفے دئے لیکن افسوس صد افسوس کہ ھمارے حکمران اپنے قوم کو کسی قوم کادرجہ تک نہیں دیتے انہیں اپنی عزت کی تو پرواہ نہیں لیکن ملک و قوم کے وقار کو دنیا بھر میں مجروح کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے،حکمرانوں کی عزت اسی میں تھی کہ وزیر اعظم مستغفی ہوجاتے اور اپنی پارٹی کے کسی بھی دوسرے شخص کو کیس حل ہونے تک وزیر اعظم مقرر کرتے لیکن یہ عزت انکے نصیب میں نہیں تھی انہوں نے کہا کہ اب ملک و قوم کی عزت کو خاک میں ملانے والے خائنوں کے پہلے سے بھی برے انجام کے دن قریب آچکے ہیں۔

کمراٹ پارک سیاحتی مرکز کے حوالے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم پوی قوم کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ایک دفعہ اس جنت نظیر خطے کی سیر کیلئے آئیں ہماری مہمان نوازی ،پرامن ماحول اور قدرتی میٹھے پانی خالص دودھ دہی کے خالص کھانوں کے ساتھ علاقے کی قدرتی خوبصورت و دلکش مناظر سے لطف اندوز ہوں انہوں نے کہا کہ میں یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ وہ پھر سیرو تفریح کیلئے کسی دوسرے ملک یا شہر کا رخ نہیں کرینگے،سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ آج کمراٹ ایک بہت بڑا سیاحتی مرکز بننے کو ہیں چند مہینے بعد جدید سہولیات سے آراستہ روڈ مکمل ہوجائیگا انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں ملک بھر سے لاکھوں سیاح کمراٹ آئے اور انہوں نے قدرتی نظاروں کالطف اٹھایا،ہم یہاں آنے والے سیاحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انہوں نے مقامی آبادی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ملک بھر سے آنے والے مہمانوں کی ایسی مہمان نوازی کی کہ یہاں آنے والے مہمانوں نے ہمارا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وزراء اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مقامی حکومتوں (ضلعی ناظمین)نے ایک دیرپااور میگا پراجیکٹ منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے قومی مفاد میں ایسا منصوبہ عمل بنایاہے جس کے نتیجے میں انشاء اللہ بہت جلد کمراٹ دنیا بھر کا مشہور ترین پرامن سیاحتی مرکز ہوگا۔